Tuesday , August 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / السٹیر کک 10 ہزار ٹسٹ رنز کے قریب ، سچن کا ریکارڈ ٹوٹے گا

السٹیر کک 10 ہزار ٹسٹ رنز کے قریب ، سچن کا ریکارڈ ٹوٹے گا

کراچی ، 10 مئی (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان السٹیر کک ٹسٹ کرکٹ میں دس ہزار رنز مکمل کرنے والے دنیا کے سب سے کم عمر بیٹسمن بننے والے ہیں۔ انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان 19 مئی سے ہیڈنگلے میں شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ میچ میں السٹیر کک کے پاس یہ موقع ہے کہ وہ اس سنگ میل کیلئے درکار 36 رنز بناکر سچن تنڈولکر کا سب سے کم عمری میں دس ہزار رنز مکمل کرنے کا ریکارڈ توڑدیں۔ سچن نے31 سال 10 ماہ کی عمر میں ٹسٹ میچوں میں دس ہزار رنز مکمل کیے تھے جبکہ 25 ڈسمبر کو 31 سال کے ہوجانے والے السٹیر کک، سچن سے پانچ ماہ کم عمری میں یہ سنگ میل عبور کریں گے۔ وہ اب تک 126 ٹسٹ میچوں میں 9964 رنز بناچکے ہیں جس میں 28 سنچریاں بھی شامل ہیں۔ وہ انگلینڈ کی طرف سے ٹسٹ میچوں میں سب سے زیادہ رنز اور سنچریوں کا ریکارڈ پہلے ہی اپنے نام کرچکے ہیں اور اب وہ ٹسٹ کرکٹ میں دس ہزار رنز مکمل کرنے والے انگلینڈ کے پہلے بیٹسمن بھی بن جائیں گے۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ کک نے اپنی اس کارکردگی سے انگلینڈ کے بیٹسمنوں میں اہم مقام حاصل کرلیا ہے۔ان کے کریئر میں اہم کردار ادا کرنے والے انگلینڈ کے سابق اوپنر گراہم گوچ ایسے بیٹسمن تھے جو اپنی شاندار کارکردگی سے دس ہزار رنز تک پہنچ سکتے تھے لیکن ان کا کریئر 8900 رنز پر آ کر ٹھہر گیا۔ کک کو 2013ء سے 2015ء تک خاصی تگ ودو کا سامنا رہا۔ تاہم اس کے بعد انھوں نے دوبارہ اپنا ردھم حاصل کیا اور ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کے خلاف سنچریاں بنانے کے بعد گزشتہ سال پاکستان کے خلاف ابوظہبی ٹسٹ میں ڈبل سنچری اسکور کرڈالی۔ کک نے موجودہ انگلش کاؤنٹی سیزن کا آغاز شاندار انداز میں کرتے ہوئے چار سنچریاں بنا ڈالی ہیں، جس کے سبب ایسیکس نے ان سے دو سال کا نیا معاہدہ کرلیا ہے۔ کک اگرچہ دس ہزار رنز مکمل کرنے والے سب سے کم عمر بیٹسمن بن جائیں گے لیکن وہ سب سے کم اننگز میں دس ہزار رنز مکمل کرنے کا عالمی ریکارڈ نہیں توڑسکتے جو سچن تنڈولکر، برائن لارا اور کمار سنگاکارا 195 اننگز میں قائم کرچکے ہیں۔ کک تاحال 226 اننگز کھیل چکے ہیں۔ اُن کے بعد عصرحاضر کے بیٹسمنوں میں پاکستان کے یونس خان دس ہزار رنز کے قریب تر ہیں۔ یونس 104 ٹسٹ میچوں میں 9116 رنز بنا چکے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT