Tuesday , August 22 2017
Home / ہندوستان / الفا لیڈر کی ہندوستان حوالگی پر بنگلہ دیش سے اظہارِ تشکر

الفا لیڈر کی ہندوستان حوالگی پر بنگلہ دیش سے اظہارِ تشکر

پڑوسی ملک دہشت گردی کیخلاف سنجیدہ : راجناتھ سنگھ
نئی دہلی۔ 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج الفا جنرل سیکریٹری انوپ چھٹیا کی ہندوستان کو حوالگی کا خیرمقدم کیا اور بنگلہ دیش سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش نے دہشت گردی جیسے مسائل پر اپنی دلچسپی اور تعاون کا شعوری مظاہرہ کیا ہے۔ اس ملک نے جو عہد کیا تھا، اس کو کردکھایا ہے۔ راج ناتھ سنگھ نے اپنے بیان میں کہا کہ بنگلہ دیش کی جانب سے انوپ چھٹیا کی حوالگی اس ملک کی ہندوستان کے ساتھ دوستی ، تعاون اور باہمی تعلقات کو مستحکم بنانے میں شعوری پن کا ثبوت ملتا ہے۔ دہشت گردی اور منظم جرائم جیسے مسائل پر بنگلہ دیش نے ہندوستان کے ساتھ تعاون کیا ہے۔ وزیر داخلہ نے بنگلہ دیش سے اظہار تشکر کیا کہ اس نے ہندوستان کی بروقت مدد کی ہے۔ میں انوپ چھٹیا کی ہندوستان کو حوالگی کا خیرمقدم کرتا ہوں۔ الفا کے جنرل سیکریٹری آسام میں قتل، اغوا اور زبردستی رقومات کی وصولی جیسے کئی کیسوں کے لئے مطلوب تھا۔ آج صبح اسے ہندوستان کے حوالے کردیا گیا۔ اسے 1997ء میں بنگلہ دیش میں گرفتار کیا گیا تھا۔ جعلی دستاویزات پر بنگلہ دیش میں داخل ہونے اور غیرقانونی قیام کی پاداش میں وہ جیل کی سزا کاٹ رہا تھا۔ مرکزی وزارت داخلہ کے ذرائع نے کہا کہ انوپ چھٹیا کی ہندوستان حوالگی کی کوشش گزشتہ 6 ماہ سے جاری تھی۔ انٹلیجنس اور سفارتی ذرائع نے یہ کوشش کی گئی تھی۔ اس دوران وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج چیف منسٹر آسام ترون گوگوئی کو فون کیا اور الفا لیڈر انوپ چھٹیا کی ہندوستان کو حوالگی کے بارے میں واقف کروایا۔ ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران راج ناتھ سنگھ اور گوگوئی نے آسام میں چھٹیا کے خلاف درج رجسٹر کیسوں پر تبادلہ خیال کیا۔

TOPPOPULARRECENT