Monday , August 21 2017
Home / Top Stories / الہ آباد میں سرجن کے قتل پر صورتحال کشیدہ

الہ آباد میں سرجن کے قتل پر صورتحال کشیدہ

ڈاکٹروں کے احتجاج سے طبی خدمات متاثر
الہ آباد۔13 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایک خانگی ہاسپٹل میں نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ میں مشہور سرجن کی ہلاکت پر شہر کی صورتحال کشیدہ ہوگئی جبکہ ڈاکٹروں نے آج تحفظ فراہم کرنے کے مطالبہ پر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔ پولیس نے بتایا کہ ڈاکٹر اے کے بنسل پر اس وقت اندھادھند فائرنگ کردی کہ جب وہ شہر کے مصروف ترین علاقہ میں واقع جیون جیوتی ملٹی اسپیشالٹی ہاسپٹل کے چمبر میں مصروف تھے۔ انہوں نے تقریباً 6 گھنٹوں تک موت اور زندگی کی کشمکش کے بعد کل شب دم توڑ دیا۔ سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ الہ آباد مسٹر شہلاب ماتھر نے بتایا کہ ہاسپٹل کے سی سی ٹی وی فوٹیج سے پتہ چلا ہے کہ 2 حملہ آور تھے۔ جیکٹ اور جینس پہنے ہوئے اور نقاب پوش تھے۔ اس واقعہ کے بعد شہر میں کشیدگی پھیل گئی ۔ پولیس نے ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ دریں اثناء الہ آباد میڈیکل اسوسی ایشن کے طلب کردہ ہنگامی اجلاس میں ماہر ڈاکٹروں کی شرکت کے باعث خانگی دواخانوں اور نرسنگ ہومس کے آئوٹ پیشنٹ شعبوں میں طبی خدمات متاثر ہوگئیں۔ اسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر الوک مصرا نے بتایا کہ ایک مشہور سرجن کی ہلاکت پر ڈاکٹر برادری کو صدمہ پہنچا ہے۔ تمام ڈاکٹروں کی یہ ذمہ داری ہے کہ حملہ آوروں کی گرفتاری اور مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لئیے حکومت پر دبائو ڈالیں۔ بی جے پی سٹی یونٹ نے بھی اس واقعہ کی مذمت کی ہے۔ پارٹی ترجمان دیویندر ناتھ مصرا نے کہا کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو ایک میمورنڈم پیش کرکے یہ مطالبہ کیا جائے گا۔ ڈاکٹر بنسل کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش میں سماج وادی پارٹی کے دور حکومت میں لاقانونیت پھیل گئی ہے اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں عوام، حکمران جماعت کو زبردست سبق سکھائیں گے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر بنسل شہر الہ آباد میں ہاسپٹل کے علاوہ کئی ایک تربیتی ادارے اور چیرٹیبل ٹرسٹ بھی چلاتے ہیں اور شہر کے بعض لینڈ مافیا کے ساتھ ان کا تنازعہ چل رہا تھا۔ وہ خود کئی ایک کیسس بشمول انکم ٹیکس عہدیداروں پر حملہ کیس میں ماخوذ تھے جنہوں نے سال 2012ء میں ان کے ہاسپٹل پر دھاوا کیا تھا۔ علاوہ ازیں سال 2009ء میں علاج کے دوران ایک وکیل کی موت پر ان کے ساتھی وکلاء نے بنسل اور دیگر اسٹاف ارکان کے خلاف قتل کیس درج کروایا تھا۔

TOPPOPULARRECENT