Sunday , April 30 2017
Home / Top Stories / الیسٹر کوک ٹسٹ قیادت سے بھی سبکدوش

الیسٹر کوک ٹسٹ قیادت سے بھی سبکدوش

لندن۔6 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) الیسٹر کوک نے آج انگلش ٹسٹ ٹیم کی قیادت سے سبکدوشی اختیار کرلی ہے جیساکہ انہوں نے 59 مقابلوں میں ٹیم کی کپتانی کی تھی۔ اپنے فیصلے کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ آج دن مایوس کن ہے لیکن ٹیم کے حق میں یہ صحیح فیصلہ ہے۔ کوک ٹسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام رکھتے ہیں جیساکہ انہوںنے 11,057 رن اسکور کئے ہیں جبکہ وہ اگست 2012ء میں انگلش ٹیم کے کپتان بنے تھے۔ کوک نے اپنی کپتانی میں انگلینڈ کو 2013 اور 2015ء میں آیشز کی سیریز میں کامیابی دلوائی تھی۔ علاوہ ازیں انہوں نے اپنی کپتانی میں ہندوستان کو ہندوستان میں ہی شکست دینے کے علاوہ جنوبی افریقہ کے خلاف بھی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا تھا۔ کوک کی سبکدوشی کے بعد ٹیم میں بہترین اسکور کرنے کے لیے شہرت رکھنے والے جیو روڈ قیادت کے لیے پہلی پسند بن کر ابھر رہے ہیں لیکن آئندہ چند دنوں میں باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ کوک نے اپنے بیان میں کہا کہ انگلینڈ کا کپتان ہونا ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ 32 سالہ کوک نے کہا کہ قیادت سے کنارہ کش ہونے کا فیصلہ ایک سخت فیصلہ ہے لیکن یہ صحیح وقت ہے کہ میں اپنے اور ٹیم کے لیے یہ فیصلہ لوں۔ کوک نے ٹسٹ کے خلاف 2010 تا 2014 ء 69 ونڈے مقابلوں میں انگلش ٹیم کی قیادت کی ہے۔ کوک بحیثیت کپتان انگلش ٹیم کے تمام سابق کپتانوں سے زائد سنچریاں بنانے کا بھی ریکارڈ اپنے نام رکھتے ہیں۔ کوک کو 2012ء میں ویزڈن کرکٹر آف دی ایئر کے علاوہ 2013ء میں آئی سی سی کی ٹسٹ ٹیم کا بھی کپتان ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ کوک نے اپنا استعفیٰ ای سی بی کے چیرمین کولین گریوس کے حوالے گزشتہ روز کردیا ہے اور ٹسٹ کرکٹ میں ٹیم کی نمائندگی کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT