Thursday , October 19 2017
Home / Top Stories / امام و خطیب مسجد حرم فضیلت الشیخ شیخ صالح بن محمد بن ابراہیم آل طالب کی کل حیدرآباد آمد

امام و خطیب مسجد حرم فضیلت الشیخ شیخ صالح بن محمد بن ابراہیم آل طالب کی کل حیدرآباد آمد

سرکاری مہمان کا درجہ ، دارالعلوم میں مسجد کا افتتاح ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 4 ۔ اپریل ( سیاست نیوز) امام و خطیب مسجد حرم فضیلت الشیخ شیخ صالح بن محمد بن ابراہیم آل طالب 6 اپریل کی صبح نئی دہلی سے حیدرآباد تشریف لارہے ہیں۔ صبح 9 بجے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر امام حرم کا استقبال کیا جائے گا۔ تلنگانہ حکومت نے انہیں سرکاری مہمان کا درجہ دیا ہے اور دورہ کے موقع پر تمام انتظامات حکومت کی جانب سے کئے جائیں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی ، مہتمم دارالعلوم حیدرآباد مولانا رحیم الدین انصاری اور دیگر تنظیموں کے قائدین استقبال کریں گے۔ دورہ کے انتظامات کے سلسلہ میں ڈپٹی چیف منسٹر نے آج دارالعلوم حیدرآباد شیورام پلی کا دورہ کیا اور نوتعمیر شدہ مسجد کا معائنہ کیا۔ امام حرم نماز مغرب کی امامت کے ذریعہ اس مسجد کا افتتاح انجام دیں گے ۔ مولانا حمید الدین عاقل حسامیؒ بانی دارالعلوم حیدرآباد کے نام سے مسجد کو موسوم کیا گیا ہے۔ 2000 مربع گز پر محیط اس مسجد میں دو فلور ہیں۔ اور عصری سہولتوں کے ساتھ اس کی تزئین کی گئیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ مسجد کا معائنہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ واٹر ورکس اور برقی عہدیداروں کو خصوصی ہدایات دی گئی ہیں ۔ افتتاحی تقریب اور جلسہ عام کے موقع پر برقی کی موثر سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ امام حرم کے دورہ کے تمام انتظامات تلنگانہ حکومت کی جانب سے کئے جارہے ہیں۔ 6 اپریل کی صبح حیدرآباد آمد کے بعد امام حرم بعض دینی اداروں کا دورہ کریں گے ۔ بعد عصر وہ دارالعلوم حیدرآباد تشریف لائیں گے اور مغرب کی امامت کریں گے۔ بعد میں اسلام اور امن عالم کے عنوان سے جلسہ منعقد ہوگا، جس سے امام حرم خطاب کریں گے۔ وہ نو تعمیر شدہ مسجد میں نماز عشاء کی امامت فرمائیں گے اور بعد نماز امن عالم کیلئے خصوصی دعاء کریں گے ۔ تلنگانہ میں بارش کیلئے خصوصی دعاء کی اپیل کی گئی ہے۔ امام حرم شیخ صالح 7 اپریل کو بنگلور روانہ ہوں گے۔

TOPPOPULARRECENT