Saturday , September 23 2017
Home / شہر کی خبریں / امتحانات کے فروری میں نتائج متوقع II گروپ

امتحانات کے فروری میں نتائج متوقع II گروپ

پرچہ جات کی جانچ کے لیے کم سے کم 40 دن کا وقت درکار
حیدرآباد۔/15نومبر، ( سیاست نیوز)تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن  کی جانب سے حال ہی میں منعقدہ گروپ II امتحانات کے نتائج توقع ہے کہ فبروری میں جاری کئے جائیں گے اور مارچ میں 1032 جائیدادوں پر تقررات کیلئے انٹرویو کا عمل شروع کیا جائے گا۔ پبلک سرویس کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ پرچہ جات کی جانچ کیلئے کمیشن کو کم سے کم 40دن کا وقت درکار ہے تاہم تلنگانہ حکومت نے کمیشن سے خواہش کی ہے کہ وہ  جلد سے جلد اس عمل کی تکمیل کرتے ہوئے تقررات کو یقینی بنائے۔ اسی دوران چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گروپ II امتحانات کے کامیاب انعقاد پر پبلک سرویس کمیشن کے صدرنشین چکراپانی اور ارکان کو مبارکباد پیش کی ہے۔ 11 اور 13 نومبر کو منعقدہ امتحانات کیلئے کلکٹرس، جوائنٹ کلکٹرس، ایس پی اور دیگر عہدیداروں کی جانب سے ریاست بھر میں کئے گئے انتظامات پر چیف منسٹر نے مبارکباد پیش کی۔ 1032 گروپ II جائیدادوں کیلئے 7.8 لاکھ امیدواروں نے درخواستیں داخل کیں۔ 31 اضلاع کے 1916مراکز پر امتحانات منعقد کئے گئے۔ درخواست گذاروں میں 64 فیصد امیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا۔ چیف منسٹر نے اس قدر بڑی تعداد میں طلبہ کی امتحان میں شرکت کے باوجود کمیشن کی جانب سے موثر انتظامات کی ستائش کی اور کہا کہ پبلک سرویس کمیشن نے حیدرآباد میں کمانڈ سنٹر قائم کرتے ہوئے صورتحال پر نظر رکھی۔ 350 خصوصی ٹیموں نے امتحانات کی نگرانی کی۔ کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ تقریباً 5 لاکھ امیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا۔ ذرائع کے مطابق امتحانی پرچہ جات کی جانچ اور نتائج کے اجراء کیلئے کم از کم 3 ماہ درکار ہوں گے۔ ہر جوابی پرچہ کو دو مرتبہ جانچ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہر طالب علم کی جانب سے 4 پرچہ جات کے حساب سے 20 لاکھ امتحانی پرچوں کی جانچ کی جانی ہے۔ ہر پرچہ کی دو مرتبہ  جانچ کے حساب سے 40 لاکھ پرچوں کی جانچ کرنی پڑے گی۔ کمیشن نے روزانہ کم از کم ایک لاکھ پرچوں کی جانچ کو یقینی بنانے کا منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت 40 دن پرچوں کی جانچ کیلئے لگ سکتے ہیں باقی دیگر اُمور کی انجام دہی کیلئے مزید 15 دن کی ضرورت ہوگی ۔ اس اعتبار سے توقع ہے کہ کمیشن فبروری 2017 میں نتائج کے اعلان کے موقف میں ہوگا اور مارچ میں امیدواروں کو انٹرویو کیلئے مدعو کیا جائے گا۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT