Thursday , September 21 2017
Home / ہندوستان / امتحان میں ناکامی پر کشمیری طالب علم کی خود کشی

امتحان میں ناکامی پر کشمیری طالب علم کی خود کشی

4 ماہ بعد کامیاب قرار دینے پر والدین کا غم و غصہ
سرینگر ۔ 13 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : اپنے پسندیدہ مضمون میں ناکامی ( فیل ) کے اعلان پر دل برداشتہ ایک 17 سالہ الکٹرانک انجینئرنگ کے طالب علم نے خود کشی کرلی تھی ۔ لیکن 4 ماہ بعد امتحانی پرچہ کے نشانات کی دوبارہ گنتی میں یہ طالب علم نہ صرف اپنے مضمون میں کامیاب قرار دیا گیا بلکہ اپنی جماعت میں سرفہرست مقام بھی پالیا ۔ امتحانی پرچوں کی تنقیح میں لاپرواہی کا خمیازہ محمد عدنان ہلال کے والدین کو بھگتنا پڑا ۔ جن کا یہ احساس ہے کہ ان کے فرزند نے خود کشی نہیں کی بلکہ اس کا عملاً قتل ہوگیا ہے ۔ جس نے طبعیات کے مضمون میں 48 نشانات حاصل کئے تھے اس کے برخلاف 28 نشانات کا اعلان کیا گیا تھا ۔ گورنمنٹ پالی ٹکنیک کالج میں الکٹرانک انجینئرنگ سال اول کے طالب علم ہلال نے 70 فیصد نشانات حاصل کرتے ہوئے سرفہرست مقام پایا ہے ۔ تاہم حکام کو ہلال کے نشانات کی تصحیح کے لیے 4 ماہ کا وقت لگا ۔ جموں و کشمیر میں کسی بھی امتحان میں کامیابی کے لیے 100 میں سے 33 نشانات حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے ۔ فزیکس میں ناکام قرار دینے پر جب کہ والدین اور دوستوں کا دعویٰ تھا کہ وہ اس مضمون میں ماہر ہے ۔ عدنان نے ماہ جون میں انٹر نیٹ پر اپنے نتائج معلوم کرنے کے بعد دریائے جہلم میں چھلانگ لگا کر خود کشی کرلی تھی ۔ جس کی نعش 4 دن بعد برآمد ہوئی تھی ۔ عدنان کے والد ہلال احمد گلکیر نے بتایا کہ ان کے فرزند کی موت خود کشی سے نہیں ہوئی ہے بلکہ عملاً قتل کیا گیا ہے ۔ کیوں کہ ہمارے نظام کے بعض افراد کی لاپرواہی سے وہ انتہائی اقدام کے لیے مجبور ہوگیا تھا ۔ شدید جذبات سے مغلوب والد نے کہا کہ اس قتل کے ذمہ دار افراد کی نشاندہی کرتے ہوئے قواعد ملازمت کے مطابق سخت کارروائی کرنے کی ضرورت ہے ۔ دریں اثناء جموں و کشمیر اسٹیٹ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن نے فاش غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ دیگر یونیورسٹیوں میں بھی اسی طرح کی کوتاہیاں ہوئی ہیں ۔ اور یہ عدنان کا واحد معاملہ نہیں ہے دوسرے طلباء کو بھی امتحانات میں ناکام قرار دیا گیا تھا بعد ازاں نشانات کی دوبارہ گنتی پر وہ کامیاب پائے گئے ۔ بورڈ کے سکریٹری نظیر حسین ملک نے کہا کہ یہ غلطی امتحانی پرچوں کی جانچ کرنے والوں نے کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ اس طرح کی غلطیوں کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کئے جائیں گے۔
وزیر فینانس کا 15 نومبرسے دو روزہ دورۂ یو اے ای
نئی دہلی۔13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر فینانس ارون جیٹلی 15 نومبر سے متحدہ عرب امارات کا دو روزہ دورہ کریں گے۔ وہ یہاں پر مختلف سرمایہ کاروں کو ہندوستان میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کریں گے اور انہیں بتایا جائیگا کہ ہندوستان میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ وزارت فینانس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ دورے کے پہلے دن یو اے ای ۔ہند معاشی فورم چوٹی کانفرنس میں مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔
پاکستانی سرحد سے دراندازی میں نمایاں انحطاط
ویلنگٹن (ٹاملناڈو) 13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر دفاع منوہر پاریکر نے آج کہاکہ گزشتہ سال کی بہ نسبت جاریہ سال پاکستان کی جانب سے سرحد پر ہندوستانی سرزمین میں دراندازی میں نمایاں کمی آئی ہے۔ وہ ایک پریس کانفرنس میں سوالات کے جواب دے رہے تھے۔

TOPPOPULARRECENT