Wednesday , August 16 2017
Home / دنیا / امریکہ، پاک ۔ افغان کشیدگی کم کرنے کا خواہاں

امریکہ، پاک ۔ افغان کشیدگی کم کرنے کا خواہاں

واشنگٹن ۔ 11 اگست (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے آج خواہش کی ہیکہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی میں کمی ہو اور دونوں ہی ممالک کے قائدین سے اس بات کا خواہاں ہے کہ وہ پرتشدد انتہاء پسندی سے نمٹنے ایک ساتھ مل کر کام کریں۔ امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے صدر افغانستان اشرف غنی سے ٹیلیفون پر بات کی جہاں دونوں نے کابل میں گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران ہوئے سلسلہ وار حملوں کے بعد پیدا ہوئے حالات پر تبادلہ خیال کیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ جان کیری نے اشرف غنی سے اس لئے بات کی کہ موصوف نے افغانستان کے دگرگوں حالات کے لئے پاکستان کو موردالزام ٹھہرایا ہے۔ دریں اثناء اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ ترجمان جان کربی نے بھی کہا کہ امریکی حکومت اس بات کی خواہاں ہے کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کم ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ یہی مناسب وقت ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے تئیں دوستانہ ماحول پیدا کریں۔ اشرف غنی نے یہ بھی کہا تھا کہ پاکستان اب بھی دہشت گردوں کا محفوظ ٹھکانہ بنا ہوا ہے۔ جان کربی سے جان کیری اور اشرف غنی کے درمیان ہونے والی بات چیت کا حوالہ دیا اور کہا کہ دونوں ہی قائدین یہ چاہتے ہیں کہ پاکستان میں موجود دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کو ختم کیا جائے۔ افغانستان میں یکے بعد دیگرے کئے گئے حملوں میں اب تک 56 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں، جس سے یہ ظاہر ہوجاتا ہے کہ شورش پسندوں کو بچوں کی زندگی کی بھی کوئی پرواہ نہیں۔ افغانستان کے لوگ دہشت گردوں کے ہاتھوں بہت زیادہ جانی اور مالی نقصان اٹھا چکے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT