Wednesday , August 16 2017
Home / Top Stories / امریکہ افغانستان میں ٹی ٹی پی کے ٹھکانوں پر بمباری کرے: راحیل شریف

امریکہ افغانستان میں ٹی ٹی پی کے ٹھکانوں پر بمباری کرے: راحیل شریف

اسلام آباد۔ 11 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان آرمی کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے امریکہ سے افغانستان میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے جنگجوؤں اور ان کے سربراہ ملا فضل اللہ کے ٹھکانوں کو فضائی حملوں میں نشانہ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔وہ جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں افغانستان میں امریکہ کے معاون مشن کے کمانڈر جنرل جان نکلسن اور امریکہ کے خصوصی ایلچی برائے افغانستان اور پاکستان رچرڈ اولسن سے جمعہ کے روز ملاقات میں گفتگو کررہے تھے۔جنرل راحیل شریف نے امریکی وفد پر واضح کیا کہ ’’پاکستان ہندوستانی اور افغان انٹیلی جنس ایجنسیوں کو ملک میں دہشت گردی کی حوصلہ افزائی کی اجازت نہیں دے گا‘‘۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورت حال اور خاص طور پر 21 مئی کے ڈرون حملے سے پیدا شدہ صورت حال ،سرحدی انتظام اور افغانستان میں امن اور استحکام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور افغانستان کے ساتھ مؤثر سرحدی انتظام کی ضرورت پر زوردیا ہے تاکہ علاقائی امن اور استحکام کو فروغ دیا جاسکے۔جنرل راحیل شریف نے صوبہ بلوچستان میں 21 مئی کو امریکہ کے بغیر پائیلٹ جاسوس طیارے کے میزائل حملے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور اس کو پاکستان کی علاقائی خود مختاری کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔اس ڈرون حملے میں افغان طالبان کے سربراہ ملا منصور ہلاک ہوگئے تھے۔

TOPPOPULARRECENT