Tuesday , October 24 2017
Home / شہر کی خبریں / امریکہ جانے والے طلبہ ایرپورٹ سے واپس

امریکہ جانے والے طلبہ ایرپورٹ سے واپس

دو بلیک لسٹ امریکی یونیورسٹیز میں داخلے کا شاخسانہ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : امریکہ جانے والے تلنگانہ کے 19 طلبہ کو شمس آباد ایرپورٹ سے ایمیگریشن حکام نے واپس کردیا ۔ طلبہ نے جن امریکی یونیورسٹیز میں داخلہ لیا تھا امریکی حکام نے ان یونیورسٹیز کو بلیک لسٹ کردیا ہے اور تلنگانہ کے طلبہ اس سے بے خبر تھے ۔ پیرس میں اسلامک اسٹیٹ عسکریت پسندوں کے حملہ کے بعد امریکی حکام نے سیکوریٹی سخت کردی ہے اور سخت سیکوریٹی اقدامات کیے ہیں امریکہ نے کیلی فورنیا میں دو یونیورسٹیز سلیکان ویلی یونیورسٹی اور نارتھ ویسٹ پالی ٹیکنیک یونیورسٹی کو بلیک لسٹ کیا ہے ۔ یہاں اس بات کا ذکرضروری ہے کہ سال 2011 میں ٹرالی ویلی یونیورسٹی کو بلیک لسٹ کیا گیا ۔ جمعہ 18 دسمبر کی اولین ساعتوں میں 19 طلبہ امریکہ جانے والے طیارہ میں سوار ہونے والے تھے لیکن جب وہ بورڈنگ پاس حاصل کرنے کے لیے پہونچے تو انہیں ایمیگریشن حکام نے واپس کردیا ۔ امریکہ کی حکومت نے پہلے ہی ایمیگریشن دفاتر اور ٹراویل ایجنٹس کو اس کی اطلاع دے دی تھی ۔ لیکن طلبہ اس سے بے خبر تھے ۔ ان طلبہ کے پاس اسٹوڈنٹ ویزا تھے ۔ جن یونیورسٹیز میں انہیں داخلہ دیا گیا تھا وہاں کلاسیس 4 جنوری سے شروع ہونے والی ہیں ۔ طلبہ میں کافی بے چینی ہے بعض دوسرے طلبہ جو امریکہ پہونچ گئے تھے انہیں 25 ہزار روپئے جرمانہ کے ساتھ واپس بھیجا جارہا ہے ۔ حیدرآباد میں واقع امریکی قونصل خانہ کے حکام نے اس واقعہ پر فوری کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT