Sunday , August 20 2017
Home / Top Stories / امریکہ میںایک طیارہ عمارت سے ٹکرا کر تباہ ، 9 ہلاک

امریکہ میںایک طیارہ عمارت سے ٹکرا کر تباہ ، 9 ہلاک

ایک عمارت مکمل تباہ ، ہولناک آگ ، برقی لائینس منقطع
شکاگو ۔ /11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست اوہائیو کے اکرون ٹاون میں ایک خانگی جٹ طیارہ بلند عمارت سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا جس میں سوار تمام 9 افراد ہلاک ہوگئے ۔ اس طیارہ کے مالک اور آپریٹر نے اس حادثہ کی توثیق کی ہے ۔ ہاکر 800 جٹ طیارہ کے مالک و آپریٹر آگسٹو لیو کووچس نے کہا کہ طیارہ میں سات مسافر اور دو ارکان عملہ سوار تھے ۔ حکام نے کہا ہے کہ طیارہ میں سوار کوئی بھی فرد زندہ نہیں بچا ہے ۔ لیکن وہ طیارہ میں سفر کرنے والوں کی تعداد یا ہلاکت کی توثیق نہیں کرسکتے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ ایلٹ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں کسی عمارت یا میدان پر کوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا جہاں یہ طیارہ گرپڑا تھا ۔ عینی شاہدین نے کہا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق 3 بجے شب یہ طیارہ اچانک آسمان سے گرپڑا اور حادثہ کے فوری بعد مہیب آگ بھڑک اٹھی ۔ طیارہ کے مالک نے کہا کہ حادثہ میں ہلاک ہونے والے مسافرین اور ارکان عملہ کے ناموں کا انکشاف نہیں کریں گے ۔ آگسٹو لیو کووچس نے کہا کہ ’’ میں صرف مسافرین کے ارکان خاندان کو جواب دینا چاہتا ہوں ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ یہ طیارہ بالکل ٹھیک تھا جس میں کوئی بھی تکنیکی نقص نہیں تھا ۔ فورٹ لوڈر ڈبل کا یہ طیارہ من سوٹا کے سینٹ پال کیلئے پرواز کررہا تھا ۔ اوہائیو اسٹیٹ ہائی وے کے پٹرول عہدیداروں نے کہا ہے کہ طیارہ کے گر پڑنے سے برقی اور ٹیلی فون لائینس کو نقصان پہونچا ہے ۔ ایک عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور متصلہ گھر کو بھی آگ پھیل جانے کے سبب نقصان پہونچا ۔ تاہم حادثہ کے وقت کوئی بھی شخص ان عمارتوں میں موجود نہیں تھا ۔ واقعہ کے بعد سارے علاقہ میں تاریکی پھیل گئی اور مقامی عوام میں سنسنی پھیل گئی ۔

TOPPOPULARRECENT