Friday , September 22 2017
Home / دنیا / امریکہ میں روسی رکن پارلیمنٹ کے بیٹے کو 27 سال کی جیل

امریکہ میں روسی رکن پارلیمنٹ کے بیٹے کو 27 سال کی جیل

نیویارک۔22 اپریل۔(سیاست ڈاٹ کام) روس کے ایک رکن پارلیمنٹ کے بیٹے کو امریکہ میں سائبر جرائم کے معاملے میں 27 سال کی قید کی سزا سنائی گئی ہے جسے روس نے غیر قانونی اور انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔ امریکہ میں سائبر جرائم کے معاملے میں دی گئی یہ سب سے لمبی سزا ہے ۔یہاں کی ویسٹرن کورٹ کے جج رچرڈ اے جونز نے روسی رکن پارلیمنٹ ویلري سیلجنیو کے بیٹے رومن سیلجنیو (32) کو یہ سزا دی ہے۔ اس معاملے کی امریکی انٹلیجنس سرویس نے 10 سال تک تحقیقات کی تھی۔ سیٹیل کی ایک عدالت نے رومن سیلجنیوکو گزشتہ سال مجرم قرار دیا تھا۔ اس پر الزام تھا کہ وہ ایسے کمپیوٹر بازار میں اتارنے کی سازش کررہا تھا جس کے ذریعے صارفین کے کریڈٹ کارڈ نمبر چرا لیے جاتے تھے ۔ اس سے امریکی کمپنیوں کو 16 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا نقصان ہوا تھا۔ اس پر الزام تھا کہ اس نے اکتوبر 2009 ء سے اکتوبر 2013 ء تک 500 سے زائد کمپنیوں کے کریڈٹ کارڈ نمبر چرائے اور امریکی ریاست ورجینیا، روس اور یوکرائن کے سرور ٹرانسفر کئے اور بعد میں ’’کرمنل کورڈنگ ویب سائٹ‘‘کو اطلاعات بیچیں۔رومن نے ایک ہاتھ سے لکھے بیان میں کہا، ’’یہ سخت سزا امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ہمارے صدر ولادیمیر پوتن کو پیغامات بھیجنے کا ایک طریقہ ہے۔لیکن ولادیمیر، روس یا دیگر ممالک کو پیغام دینے کا یہ طریقہ اچھا نہیں ہے کہ جمہوریت میں انصاف کس طرح ہوتا ہے‘‘ ۔ واشنگٹن میں واقع روسی سفارت خانے نے فیس بک پر پوسٹ اپنے بیان میں کہا کہ اس کے شہری کو کسی دوسرے ملک میں گرفتار کیا جانا جائز نہیں ہے ۔ رومن کو مالدیپ میں سال 2014 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ انھوں نے کہاکہ اس فیصلے کو چیلنج کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT