Wednesday , October 18 2017
Home / دنیا / امریکہ میں طوفانوں سے تباہی ،ہلاکتوں کی تعداد ، 43 ہوگئی

امریکہ میں طوفانوں سے تباہی ،ہلاکتوں کی تعداد ، 43 ہوگئی

واشنگٹن ۔ 28 ڈسمبر (سیاسست ڈاٹ کام)  امریکہ میں حکام کا کہنا ہے کہ ملک کی جنوبی اور مغربی ریاستوں میں آنے والے شدید طوفانوں سے پانچ دن میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 43 تک پہنچ گئی ہے۔ ان علاقوں کو اچانک آنے والے سیلابوں، بگولوں اور برفانی طوفانوں کا سامنا ہے جن سے سینکڑوں مکانات تباہ اور نقل و حمل کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ امریکی محکمہ موسمیات نے ٹیکساس، آرکنسا، لوئزیانا، اوکلاہوما اور مسی سیپی میں مزید بگولے آنے کا انتباہ جاری کیا ہے۔ مسوری، اوکلاہوما اور نیو میکسیکو کی ریاستوں میں گورنروں نے ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔ تازہ ترین ہلاکتیں ریاست الینوائے میں ہوئیں جہاں ایک گاڑی سیلابی ریلے میں بہنے سے دو بچوں سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔ اس کے علاوہ ریاست ٹیکساس میں بگولوں کی زد میں آ کر 11 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ کم سے کم آٹھ افراد ڈلاس کے قریب گارلینڈ میں ہلاک ہوئے ہیں جن میں سے پانچ افراد موٹروے پر طوفان کے باعث گاڑی الٹ جانے کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔ دیگر قصبوں سے ملنے والی لاشوں کی تعداد تین ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ مغربی ٹیکساس اور نیو میکسیکو میں شدید برف باری کا امکان ہے۔ ان کے مطابق وہاں تقریباً 16 انچ برف پڑ سکتی ہے۔ جنوبی علاقوں میں موسم سرما کے دوران اتنا شدید طوفان غیر معمولی بات ہے۔ ٹیکساس سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق جنوبی ڈلاس سے شمال مغربی علاقوں تک چرچ تباہ ہو چکے ہیں، گاڑیاں الٹ گئی ہے اور درخت اکھڑ گئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT