Sunday , September 24 2017
Home / دنیا / امریکہ میں مسلمانوں پر کڑی نظر رکھی جائیگی، ڈونالڈ ٹرمپ کا متنازعہ بیان

امریکہ میں مسلمانوں پر کڑی نظر رکھی جائیگی، ڈونالڈ ٹرمپ کا متنازعہ بیان

واشنگٹن ۔ 20 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ جو اس وقت تمام پرائمریز میں سبقت بنائے ہوئے ہیں اور جو متنازعہ بیانات دینے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔ انہوں نے ایک بار پھر جب اپنا منہ کھولا تو آگ ہی برسائی۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ اقتدار پر آئے تو امریکہ کو دہشت گردی سے مکمل طور پر محفوظ رکھنے کیلئے امریکہ کے تمام مسلمانوں پر نظر رکھنے کیلئے ڈیٹابیس سسٹم کو متعارف کروائیں گے۔ این بی سی نیوز سے کل بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اس طریقہ کار کا بہرصورت اطلاق کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مساجد کی سرگرمیوں پر نظر رکھنی ہوگی۔ ہمیں مسلمانوں کے صرف ڈیٹابیس کا مشاہدہ کرکے خاموشی اختیار نہیں کرنی چاہئے بلکہ اس سے بھی آگے جانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کرنی ہے تو سب سے پہلے ہمیں امریکہ کے مسلمانوں پر نظر رکھنی پڑے گی۔ یہ بیانات انہوں نے اس وقت دیئے جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ کیا امریکی مسلمانوں کے مکانات کی بغیر سرچ وارنٹ تلاشی لی جاسکتی ہے تو انہوں نے اس کا مثبت جواب دیا اور کہا کہ کچھ لوگوں کو یہ سن کرعجیب سا محسوس ہوگا لیکن کیا کیا جائے، اس کے سوائے کوئی دوسرا راستہ نہیں۔ امریکہ کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ ڈونالڈ ٹرمپ کے اس متنازعہ بیان نے سوشیل میڈیا میں سنسنی پھیلا دی ہے۔

TOPPOPULARRECENT