Tuesday , August 22 2017
Home / Top Stories / امریکہ میں مسلمانوں کے خلاف نفرت کی لہر کو ختم کرنے کی مساعی

امریکہ میں مسلمانوں کے خلاف نفرت کی لہر کو ختم کرنے کی مساعی

شمالی امریکہ کی اسلامی سوسائٹی کا شکاگو میں 2 تا 5 ستمبر 53 واں سالانہ کنونشن ، اظہرعزیز کا بیان
شکاگو ۔ 11 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکہ (ISNA) کی جانب سے شکاگو میں 2 تا 5 ستمبر 53 واں سالانہ کنونشن کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ اس سال کنونشن کا اصل مقصد ابھرتے ہوئے چیلنجس اور ان کا سامنا کرنے کے مواقع ہوگا۔ اسلامک سوسائٹی شمالی امریکہ کے سالانہ کنونشن میں شمالی امریکہ کے مسلمانوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ گذشتہ سال بھی اس طرح کے کنونشن میں ہزاروں مسلمانوں نے شرکت کی تھی۔ یہ امریکہ میں سالانہ ہونے والے مسلم کنونشن کا اصل مرکزی اجتماع ہوتا ہے جس میں ہمہ اقسام کے اسٹالس لگائے جاتے ہیں جس میں کپڑوں کے ڈیزائنرس، بک سیلرس کے بشمول 400 دکانات قائم کئے جاتے ہیں یہاں نفع کے بغیر فروخت عمل میں لائی جاتی ہے۔ امریکہ میں مسلمانوں کے خلاف بڑھتی ہوئی نفرت کی لہر کو ختم کرنے کیلئے اس طرح کے کنونشنس معاون ثابت ہوں گے۔ شکاگو میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسلامک سوسائٹی شمالی امریکہ کے صدر اظہرعزیز نے کہاکہ ان کی سوسائٹی شمالی امریکہ کی سب سے بڑی اور قدیم اسلامی تنظیم ہے۔

اس نے کنونشن، کانفرنس، تعلیمی فورمس، بین مذاہب سرگرمیوں کے ذریعہ طبقہ کی ترقی میں اہم رول ادا کیا ہے۔ یوتھ پروگراموں کو منعقد کرتے ہوئے شہری امور میں دلچسپی دکھائی جاتی ہے۔ اسلامی سوسائٹی کے سالانہ کنونشن کا مقصد تمام مسلمانوں کو ایک جگہ جمع کرنا ہے۔ امریکہ میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا جیسے مسائل کو حل کرنا ہمارا مقصد ہے۔ اس کیلئے مسلمانوں کو متحد کیا جارہا ہے۔ ایک پلیٹ فارم پر مسلمان جمع ہونے کے بعد درپیش مسائل کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کنونشن میں اہم مقررین، مفکرین اسلام اور مذہبی قائدین کے علاوہ عوامی خدمت گذاروں کی کثیر تعداد شرکت کرے گی۔ کنونشن کے ذریعہ ہم اسلامی نظریات کو عام کریں گے اور اس نقطہ نظر کے ساتھ مسلمانوں کو اصل دھارے میں لانے کی کوشش کریں گے۔ آئی ایس این اے سکریٹری جنرل ہاشم باٹا نے کنونشن کے انعقاد کے تعلق سے اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تمام مسلمانوں سے درخواست کی ہیکہ وہ کنونشن میں شرکت کریں۔ یہ کنونشن چار روزہ ہوگا لیکن اس کی یادیں تاحیات باقی رہے گی۔ کنونشن کے ذریعہ چار دن کے دوران بہترین تجارتی سرگرمیاں بھی انجام دی جائیں گی۔

کنونشن اسٹیرنگ کمیٹی کے معاون چیرمین میرخان نے کہا کہ کنونشن پلینری سیشن ہوگا اس کے بعد اصل سیشن شروع کیا جائے گا اس کے بعد محاذی سیشن منعقد کئے جائیں گے۔ گول میز مباحث بھی ہوں گے۔ کنونشن کے اسٹیرنگ کمیٹی سکریٹری اشفاق سید نے کہا کہ تین روزہ کنونشن میں مسلمانوں اور بین مذاہب کے افراد کے علاوہ مختلف خاندانوں، تاجرین اور غیرمنفعت بخش اعلیٰ تنظیموں کو یکجا جمع ہونے کا موقع ملے گا۔ اسلامی سوسائٹی نے 20 ہزار سے زائد مسلمانوں کی شرکت کی توقع ظاہر کی ہے۔ 2 تا 5 ستمبر کے دوران طویل لیبر ڈے ویکنڈ منایا جاتا ہے۔ اسی لئے کنونشن میں زیادہ سے زیادہ افراد کی شرکت متوقع ہے۔ گذشتہ تین ماہ سے 200 سے زائد والینٹرس کنونشن کو کامیاب بنانے کیلئے کام کررہے ہیں۔ کنونشن کے میڈیا ریلیشن چیرمین سلمان اعظم نے میڈیا کو مدعو کیا ہے تاکہ کنونشن کا کوریج کیا جاسکے۔ اسلامی سوسائٹی کمیونکیشن کی ڈائرکٹر فریال ایم کھتری نے کہا کہ اس کنونشن کی روداد کو فیس بک، ٹوئیٹر، انسٹگرام اور دیگر سوشیل میڈیا ذرائع پر پیش کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT