Monday , April 24 2017
Home / Top Stories / امریکہ میں ٹرمپ کیخلاف مسلسل دوسرے دن احتجاجی مظاہرے

امریکہ میں ٹرمپ کیخلاف مسلسل دوسرے دن احتجاجی مظاہرے

واشنگٹن 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے مختلف شہروں میں لوگوں نے سڑکوں پر اترکر نو منتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے خلاف آج مسلسل دوسرے دن بھی احتجاجی مظاہرے کئے ۔ذرائع کے مطابق کئی لوگ ‘ٹرمپ میرے صدر نہیں ہیں’ کے نعرے لگا رہے ہیں۔ نیویارک میں ہزاروں لوگوں نے مارچ کرتے ہوئے امیگریشن، ہم جنس پرستی کے حقوق جیسے مسائل پر مسٹر ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف نعرے لگائے ۔ لاس اینجلس کے پرانے علاقوں میں بھی لوگوں نے ان کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک جام کردیا۔واشنگٹن میں مظاہرین نے کینڈل مارچ نکالا۔ اس مارچ کا اہتمام کرنے والے بین وکلر نے وہاں موجود مجمع سے خطاب کرتے ہوئے کہا، “ہم لوگ یہاں اس لئے جمع ہیں کیونکہ تاریکی کی اس گھڑی میں ہم اکیلے نہیں ہیں۔شکاگو میں بھی لوگوں نے مسٹر ٹرمپ کے خلاف مظاہرہ کیا اور ’نو ٹرمپ اور نو فاسسٹ امریکہ ‘کے نعرے لگائے ۔مسٹر ٹرمپ کے خلاف کل بھی امریکہ کے مختلف شہروں میں مظاہرہ ہوا تھا. صدر براک اوباما اور ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار رہی ہلاری کلنٹن نے کل عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ مسٹر ٹرمپ کو قیادت کا موقع دیں لیکن ان دونوں کی اپیل کے باوجود کئی شہروں میں لوگوں نے ان کے خلاف مظاہرہ کیا۔احتجاجی مظاہرے زیادہ تر جگہوں پر پرامن رہے لیکن کیلی فورنیا میں کچھ مظاہرین نے دکانوں کی کھڑکی توڑ دی اور پولیس پر پتھراؤ کیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے گولے چھوڑے۔ فلاڈیلفیا، بوسٹن، بالٹیمور، سیاٹل اور سان فرانسسکو میں بھی ان کے خلاف زبردست مظاہرے ہو رہے ہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT