Wednesday , August 23 2017
Home / دنیا / امریکہ نے شمالی کوریا پر نئی پابندیاں عائد کر دیں

امریکہ نے شمالی کوریا پر نئی پابندیاں عائد کر دیں

واشنگٹن ، 17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا کے حالیہ جوہری اور میزائل تجربے کے بعد امریکی صدر براک اوباما نے ایک صدارتی حکم نامے کے ذریعے اس پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ ان کے تحت امریکہ میں شمالی کوریا کی حکومت کے اثاثے منجمد کر دیے گئے ہیں اور امریکی اشیاء کی شمالی کوریا برآمد یا امریکیوں کی جانب سے شمالی کوریا میں سرمایہ کاری پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ امریکی حکومت شمالی کوریا کی معیشت کے ساتھ کام کرنے والے امریکی اور غیرامریکی افراد کو بلیک لسٹ کرسکتی ہے۔ امریکہ کی ان نئی پابندیوں کا اطلاق شمالی کوریا کی جانب سے 6 جنوری کو ہائیڈروجن بم اور پھر 7 فروری کو طویل فاصلے تک جانے والے میزائل کے تجربات کے بعد کیا گیا ہے۔ اوباما نے پابندیوں کے حکم نامے پر دستخط کرنے کے بعد کہا ہے کہ ان کا ’ہدف شمالی کوریا کے عوام نہیں ہیں‘۔ چہارشنبہ کو وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوش ارنسٹ نے بھی ایک بیان میں کہا کہ امریکہ اور دنیا شمالی کوریا کی غیرقانونی جوہری سرگرمیوں کو برداشت نہیں کرسکتے۔ ارنسٹ نے کہاکہ یہ پابندیاں شمالی کوریا کی حکومت پر دباؤ برقرار رکھنے کے طویل المدت عزم سے مطابقت رکھتی ہیں۔ انھوں نے کہاکہ امریکہ اور عالمی دنیا شمالی کوریا کی غیرقانونی جوہری اور بیلسٹک میزائل سرگرمیوں کو برداشت نہیں کرے گی، اور ہم شمالی کوریا پر اس کی قیمت عائد کرتے رہیں گے جب تک وہ بین الاقوامی اصولوں کی اطاعت نہیں کرتا۔ شمالی کوریا نے گذشتہ جنوری میں جوہری تجربہ کیا تھا جس کے جواب میں رواں ماہ کے آغاز میں اقوام متحدہ کی جانب سے اس پر نئی سخت پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔ سکیورٹی کونسل نے اتفاق رائے سے پابندیوں سے متعلق قرارداد کو منظور کیا تھا جس میں شمالی کوریا پر نئی جامع عالمی پابندیاں عائد کرنے کی تجاویز پیش کی گئی تھیں۔ اس سے قبل 19 فروری کو امریکہ کی جانب سے شمالی کوریا پر نئی پابندیاں لگانے کے بل پر صدر اوباما نے دستخط کئے تھے۔

TOPPOPULARRECENT