Sunday , May 28 2017
Home / Top Stories / امریکہ چھوڑنے والی کمپنیاں سنگین نتائج کیلئے تیار رہیں : ٹرمپ

امریکہ چھوڑنے والی کمپنیاں سنگین نتائج کیلئے تیار رہیں : ٹرمپ

جیمس میاٹیس نئے وزیردفاع، ٹرمپ کو ہندو اور ہندوستانیوں سے محبت
انڈیانا پولس ؍ واشنگٹن ۔ 2 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے نومنتخبہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج ان کمپنیوں کو انتباہ دیا جو امریکہ سے اپنا بوریابستر لپیٹ کر بیرونی ممالک میں قسمت آزمائی کرنا چاہتی ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ ایسی کمپنیوں کو سنگین نتائج کاسامنا کرنا پڑ سکتا ہے جیسا کہ انہوں نے ایرکنڈیشنرس بنانے والی کمپنی کیریئر سے صاف صاف کہہ دیاہیکہ کمپنی میں ملازمتیں صرف امریکی شہریوں کو دی جائیں۔ انڈیانا پولیس  میں واقع کیریئر پلانٹ پر کام کرنے والے ورکرس کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کمپنیاں امریکہ چھوڑ کر کہیں نہیں جاسکتیں۔ ایسا نہیں ہوسکتا۔ صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد ڈونالڈ ٹرمپ نے پہلی بار کسی عوامی تقریب میں شریک ہوکر خطاب کیا۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کمپنیوں سے کہا کہ اگر اندرون ملک کی مختلف ریاستوں کے ساتھ مختلف نوعیت کی سودے بازی کرتے ہوئے وہ اپنی تجارت جاری رکھنا چاہتی ہیں تو قابل اعتراض بات نہیں لیکن ملک چھوڑ کر جانے کے سنگین نتائج بھگتنے ہوں گے۔ اپنی صدارتی مہمات کے دوران ہی ٹرمپ نے واضح کردیا تھا کہ میکسیکو اور ایشیائی ممالک کو منتقل ہونے کے بارے میں امریکی کمپنیوں کو سوچنا بھی نہیں چاہئے کیونکہ اگر ایسا ہوا تو ان کمپنیوں پر زائد ٹیکسیس عائد کئے جائیں گے۔

انہوں نے خاص طور پر کیریئر کا نام لیا جو یونائیٹیڈ ٹیکنالوجیز کارپوریشن کا ایک برانڈ ہے اور کہا کہ وہ اس کمپنی کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں کہ امریکی ملازمتوں کو میکسیکو منتقل نہ کرے۔ دوسری طرف نومنتخبہ نائب صدر مائیک پنس کے تعاون سے جو معاملت کی گئی ہے اس کے مطابق کیریئر کو آئندہ دس سالوں کے دوران 7 ملین امریکی ڈالرس کی پیشکش کی گئی ہے جس میں ملازمتوں کے علاوہ پرانی ملازمتوں کی بحالی اور کیپٹل سرمایہ کاری پر زائد توجہ دی گئی ہے۔ کمپنیوں کے موضوع کے علاوہ ڈونالڈ ٹرمپ اس وقت اپنی کابینہ کی تکمیل کیلئے بھی سنجیدہ نظر آرہے ہیں کیونکہ عراق اور افغانستان میں میدان جنگ کا زبردست تجربہ رکھنے والے اور اپنے سخت موقف کیلئے معروف امریکی بحریہ کے سبکدوش جنرل جیمس میاٹیس امریکہ کے نئے وزیردفاع ہوں گے۔ سنسناٹی میں جس وقت ٹرمپ نے یہ اعلان کیا اس وقت وہاں موجود ہجوم نے تالیاں بجا کر اعلان کا خیرمقدم کیا۔ ٹرمپ اس وقت اپنے ووٹرس سے اظہارتشکر کیلئے مختلف حلقوں کا دورہ کررہے ہیں۔ انہوں نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں کہا کہ ہم اس کا اعلان پیر کو کریں گے

لہٰذا آپ لوگ یہ بات کسی کو مت بتانا۔ انہوں نے 66 سالہ میاٹیس کو امریکہ کے چند عظیم جنرلس میں سے ایک بتایا۔ سینیٹ سے منظوری ملنے کے بعد میاٹیس سبکدوش ہونے والے وزیردفاع ایشٹن کارٹر کی جگہ لیں گے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہیکہ حالیہ دنوں میں ایک ہندوستانی نژاد امریکی صنعتکار نے کہا تھا کہ ٹرمپ کو یہ بات اچھی طرح معلوم ہیکہ ’’امریکہ کا سچا دوست‘‘ کون ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ ان سے تعمیری روابط  رکھے گا جس کے ثمرآور نتائج برآمد ہوں گے۔ جنوبی ایشیاء میں خصوصی طور پر ہندوستان کے ساتھ تعلقات مستحکم کرنے پر زائد توجہ دی جائے گی کیونکہ ٹرمپ کو ہندوستانی عوام اور ہندوؤں سے بیحد محبت ہے۔ یہی نہیں بلکہ ٹرمپ وزیراعظم ہند نریندر مودی کی ستائش بھی کرتے ہیں۔ یہ بات شلبھ کمار نے کہی جنہیں ٹرانزیشن فائنانس اور اناگوریشن کمیٹی کیلئے مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ یہ بھی جانتے ہیں ہندوستان ، پاکستان کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہے جبکہ صرف ایک روز قبل ہی  حکومت پاکستان نے ٹرمپ اور نواز شریف کی ٹیلیفون پر ہوئی گفتگو کو تحریری طور پر پیش کیا تھا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT