Sunday , April 30 2017
Home / Top Stories / امریکہ کے فضائی حملہ میں شام کی ایک مسجد شہید، 58افراد ہلاک

امریکہ کے فضائی حملہ میں شام کی ایک مسجد شہید، 58افراد ہلاک

بیروت ؍ واشنگٹن ۔ 17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شام کے شمالی علاقہ میں کئے گئے فضائی حملوں میں ایک موضع کی مسجد کو نشانہ بنایا گیا جس میں کم و بیش 58 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ دریں اثناء برطانیہ سے مربوط آبزرویٹری کے سربراہ رامی عبدالرحمن نے کہا کہ نامعلوم جنگی طیاروں صوبہ حلب میں واقع ایک مسجد کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہاں نماز مغرب ادا کی جارہی تھی جس میں 58افراد ہلاک ہوگئے۔ حلب سے 30 کیلو میٹر مغرب میں واقع ایک موضع کی مسجد الجنیح فضائی حملوں میں شہید ہوگئی جبکہ متعدد افراد کے مسجد کے ملبہ کے نیچے پھنسے ہونے کا اندیشہ ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری  ہیکہ مذکورہ موضع باغیوں اور اسلامی گروپس کے قبضہ میں ہے لیکن فضائی حملوں کے وقت کوئی جہادی وہاں موجود نہیں تھا۔ بچاؤکاری عملہ کو ملبہ کے نیچے پھنسے ہوئے افراد کو باہر نکالنے میں کافی جدوجہد کا سامنا کرنا پڑا۔ ابومحمد نامی ایک شخص نے بتایا کہ نماز مغرب کے بعد حدیث شریف کی سماعت کی جاتی ہے جس کیلئے وہاں نماز سے فارغ ہوچکے مصلیوں کی کثیر تعداد تھی۔ ایسے پرسکون ماحول میں اچانک دھماکہ کی آواز نے سب کو چونکا دیا اور تھوڑی ہی دیر میں وہاں کا منظر بالکل بدل گیا اور مسجد ملبہ میں تبدیل ہوگئی اور کئی نعشیں اور جسم کے اعضاء ملبہ کے نیچے دبے نظر آئے۔ دوسری طرف امریکی افواج کا استدلال ہیکہ فضائی حملہ دراصل القاعدہ کے ایک اجلاس کو منتشر کرنے کیلئے کیا گیا تھا جو اس وقت وہاں جاری تھا تاہم یو ایس سنٹرل کمان کے ترجمان کرنل جان تھامس نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مسجد کو نشانہ بناکر حملے نہیں کئے گئے بلکہ مسجد سے کچھ ہی فاصلہ پر واقع ایک عمارت کو نشانہ بنایا گیا تھا جہاں القاعدہ کا اجلاس منعقد کیا گیا تھا اور اتفاق سے وہ عمارت بھی  ایک مسجد کے قریب تھی اور وہ مسجد بالکل صحیح سلامت ہے۔

 

اسرائیل نے شام سے
داغے گئی میزائل کو مار گرایا
یروشلم ،17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی فوج نے کہا ہیکہ شام میں سرگرم اسکی فضائیہ کو ہدف بناکر داغے گئے کئی طیارہ شکن میزائلوں میں سے ایک کو آج گرا دیا۔ فوج نے ایک بیان میں کہا کہ ایک طیارہ شکن میزائل گرا دی گئی ہے ۔ دھماکے کی آواز یروشلم تک سنی گئی۔اس واقعہ میں کسی قسم کے جان مال کے نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
بیان کے مطابق اسرائیلی فضائیہ (آئی اے ایف) کے طیاروں نے رات بھر شام میں کئی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT