Friday , August 18 2017
Home / Top Stories / امریکہ کے وفاقی جج نے 1444 عراقیوں کے اخراج کو روک دیا

امریکہ کے وفاقی جج نے 1444 عراقیوں کے اخراج کو روک دیا

ڈیٹرائٹ۔ 25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے ایک وفاقی جج نے چودہ سو سے زیادہ عراقی شہریوں کی ملک سے بے دخلی روک دی ہے۔امریکی ریاست مشی گن کے شہر ڈیٹرائٹ میں وفاقی جج مارک گولڈ سمتھ نے عراقیوں کی بے دخلی روکنے کا حکم امریکی شہری آزادیوں کی یونین کے وکلاء کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر جاری کیا ہے۔انھوں نے یہ موقف اختیار کیا تھا کہ ان عراقیوں کا نسلی اور مذہبی اقلیتوں سے تعلق ہے اور اس بنا پر عراق میں واپسی کی صورت میں ان سے انسانیت سوز ناروا سلوک ہوسکتا ہے۔جج گولڈ اسمتھ نے چونتیس صفحات کو محیط یہ فیصلہ لکھا ہے۔اس کے تحت اب ان عراقی شہریوں کو کئی ماہ تک امریکہ سے بے دخل نہیں کیا جاسکے گا۔فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ آیا امریکی حکومت اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرسکتی ہے یا نہیں۔واضح رہے کہ ایک ہزار چار سو چوالیس عراقی شہریوں کے خلاف امریکہ سے بے دخلی کے لیے حتمی احکامات جاری کیے جا چکے ہیں۔امریکہ کے امیگریشن حکام نے جون میں ملک گیر کارروائی کے دوران میں ان میں سے ایک سو ننانوے عراقی شہریوں کو گرفتار کر لیا تھا۔ ان کی امریکہ سے بے دخلی کو روکنے کے لیے شہری آزادیوں کی یونین نے پندرہ جون کو وفاقی عدالت میں قانونی درخواست دائر کی تھی۔ اس پر وفاقی جج نے حکم امتناعی جاری کردیا تھا اور اب اس میں مزید توسیع کردی ہے۔

TOPPOPULARRECENT