Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / امریکی ریاست ٹیکس چوروں کی محفوظ پناہ گاہ

امریکی ریاست ٹیکس چوروں کی محفوظ پناہ گاہ

کالا دھن بچانے اور فرضی کمپنیوں یا بے نامی ادارے قائم کرنے میں آسانی
حیدرآباد۔ 12اپریل (سیاست نیوز) دنیا کو دیانتداری و شفافیت کا درس دینے والے امریکہ میں غیر محسوب اثاثہ جات و کالا دھن محفوظ کرنا لائبریری کے شناخت کی تجدید کرنے سے زیادہ آسان ہے۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے بموجب امریکی ریاست ’ دیلاویر‘ ٹیکس چوروں کی محفوظ پناہ گاہ بن چکا ہے اور اس ریاست میں سرمایہ کاری و کمپنی کا قیام بے انتہاء آسان ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک ملین یعنی دس لاکھ ایسے تاجرین و سرمایہ کار ہیں جنہوں نے اس ریاست دیلاویر کو اپنا قانونی طور پر مسکن بنایا ہے۔ٹیکس چوری و کالا دھن بچانے کیلئے قائم کی جانے والی ان فرضی کمپنیوں یا بے نامی کمپنیوں کیلئے یہ امریکی ریاست آماجگاہ بنتی جا رہی ہے۔ حالیہ عرصہ میں پناما پیپرس کے انکشاف کے ساتھ ہی ایک مرتبہ پھر وہ تمام علاقے زیر بحث آنے لگے ہیں جہاں بدعنوانیوںکے ذریعہ حاصل کردہ دولت بہ آسانی محفوظ کی جا سکتی ہے۔ اب تک جو ممالک و علاقے اس فہرست میں شمار کئے جاتے تھے ان میں اب امریکی ریاست کے نام کو شمار کئے جانے کے بعد کئی انکشافات ہونے لگے ہیں۔ امریکی ریاست دیلاویر میں امریکی بدعنوان سیاستدانوں کی دولت بھی محفوظ ہے اور اس بات کا اعتراف خود ریاست کے انتظامیہ کی جانب سے کیا جانے لگاہے اور یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ یہ معمول کی بات ہے۔ وائس پریسیڈنٹ پروگرامس اینڈ پراجکٹس ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل شروتی شاہ کے بموجب بدعنوان عہدیداروں یا سیاستدانوں کو اپنی غیر محسوب دولت کی سرمایہ کاری یا اسے محفوظ کرنے کیلئے پناما‘ روس یا سوئیزرلینڈ جانے کی ضرورت نہیں ہے چونکہ امریکہ میں بھی اب بہ آسانی یہ دولت محفوظ کی جاسکتی ہے اور کی جا رہی ہے۔ اب تک ہندستانی ایجنسیاں سوئیزرلینڈ ‘ دبئی وغیرہ کا دورہ کرنے والوں پر نظر رکھی جاتی تھی لیکن اب جبکہ امریکی ریاست کا نام ایسی کمپنیوں و سرمایہ کاری مراکز میں آنے لگا ہے تو عوام اور ایجنسیاں حیرت زدہ ہیں۔ اثاثہ جات مخفی رکھنے کے محفوظ مقامات کی فہرست میں پناما کو 13واں رینک حاصل ہے جبکہ امریکی ریاست دیلاویر کو بین الاقوامی سطح پر تیسرا مقام حاصل ہے جو کہ پہلے اور دوسرے نمبر پر موجود سوئیزرلینڈ اور ہانک کانگ کی محفوظ پناہ گاہوں میں شامل ہے۔

TOPPOPULARRECENT