Thursday , October 19 2017
Home / Top Stories / امریکی ریاست کنساس میں فائرنگ ،چار ہلاک ،30 زخمی

امریکی ریاست کنساس میں فائرنگ ،چار ہلاک ،30 زخمی

فیکٹری کے احاطہ میں افراتفری کا عالم، ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے
لاس اینجلس ۔ 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست کنساس کے ایک چھوٹے قصبے میں ایک فیکٹری میں مسلح شخص کی فائرنگ سے چار افراد ہلاک اور کم سے کم 30 زخمی ہوگئے ہیں۔ فائرنگ کا یہ واقعہ کنساس کے ایک چھوٹے قصبے ہیسٹن میں واقع ایکسل انڈسٹریز کے احاطے اور اس کے باہر پیش آیا ہے۔یہ قصبہ ریاست کے ایک اور بڑے شہر وچیٹا سے 35 میل شمال میں واقع ہے۔ہاروے کاؤنٹی کے شیرف ٹی والٹن کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے مرنے والی کی تعداد 7 تک ہوسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ فائرنگ کرنے والا شخص ایکسل انڈسٹریز ہی کا ایک ملازم تھا اور اس کو پولیس نے گولی مار کر ہلاک کردیا ہے۔مقامی میڈیا نے اس مسلح شخص کی شناخت سیڈرک فورڈ کے نام سے کی ہے۔وہ ایکسل فیکٹری میں رنگ ساز کے طور پر کام کرتا تھا اور اس نے ایک آتشیں رائفل کے ساتھ اپنی ایک تصویر فیس بک پر پوسٹ کی تھی۔اس نے گندم کے ایک کھیت میں آتشیں رائفل سے فائرنگ کرتے ہوئے ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی تھی۔ مقامی میڈیا کے مطابق فورڈ مجرمانہ ریکارڈ کا حامل تھا۔وہ لوٹ مار اور غیر قانونی اسلحہ اپنے پاس رکھنے میں ملوث تھا۔عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ اس مسلح شخص نے پہلے فیکٹری کی پارکنگ میں ایک خاتون پر فائرنگ کی تھی اور اس کے بعد اسمبلی کی جگہ میں داخل ہوکر وہاں جمع اپنے ساتھی ورکروں پر فائرنگ شروع کردی تھی۔شیرف والٹن کا کہنا ہے کہ اس مسلح حملہ آور نے اپنی کار پر فیکٹری کی جانب آتے ہوئے دو افراد کو گولی ماری تھی۔ ان میں سے ایک کو کندھے اور دوسرے کو پیر میں گولی لگی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم فائرنگ کرنے والے اس شخص کی ہسٹری جاننا چاہتے ہیں اور اس کے بعد ہی کسی نتیجے پر پہنچ سکیں گے۔ فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں کی نعشیں اور زخمیوں کو مقامی اسپتالوں میں پہنچا دیا گیا ہے۔ فیکٹری کے احاطے میں موجود ایک عینی شاہد نے بتایا ہیکہ مسلح شخص نے اے کے 47 رائفل اور 9 ایم ایم کی گن سے جونہی اندھا دھند فائرنگ کی تو لوگ جانیں بچانے کیلئے ادھر ادھر بھاگنا شروع ہوگئے۔اس وقت افراتفری کا عالم تھا۔اسکے بہ قول حملہ آور نے فائرنگ کی باقاعدہ منصوبہ بندی کی تھی۔تاہم پلانٹ کے متعدد ملازمین نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کرنے والا ہیجانی اور ذہنی مسائل سے دوچار تھا۔

TOPPOPULARRECENT