Sunday , October 22 2017
Home / دنیا / امریکی شہریوں کو شمالی کوریا کا سفر نہ کرنے کاانتباہ

امریکی شہریوں کو شمالی کوریا کا سفر نہ کرنے کاانتباہ

واشنگٹن ۔10 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے اپنے شہریوں کو شمالی کوریا کے سفر پر روانہ ہونے سے قبل تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے بلکہ یہ انتباہ بھی دیا ہے کہ اگر شمالی کوریا کے سفر سے گریز کیا جائے تو بہتر ہوگا کیونکہ وہاں امریکی شہری کو گرفتار کرنے کا چوتھا واقعہ رونما ہوچکا ہے جس نے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بگاڑ پیدا کردیا ہے ۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا میں موجود امریکی شہریوں کو گرفتار کئے جانے کے اندیشے لاحق ہیں کیونکہ فی الحال لاء انفورسمنٹ نے جن قوانین کا اطلاق کر رکھا ہے اُس کے مطابق امریکی شہریوں کو گرفتار کے بعد طویل عرصہ تک محروس بھی رکھا جاسکتا ہے حالانکہ امریکی شہری ایسی کسی سرگرمی میں ملوث نہیں ہیں جن کے تحت انھیں قصوروار ٹھہرایا جائے یا پھر سخت سزاء دی جائے ۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ گرفتار شدہ امریکی شہریوں کے ساتھ ’’زمانۂ جنگ‘‘ کے قوانین کے تحت نمٹا جائے گا ۔ حالیہ دنوں میں امریکی شہری کم ۔ ہاک ۔ سانگ کو ’’جابرانہ سرگرمیوں‘‘ کے تحت گرفتار کیا گیا جبکہ وہ پیانگ یانگ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹکنالوجی میں برسرکار تھا ۔ گزشتہ دس سالوں کا اگر جائزہ لیا جائے تو اب تک 16 امریکی شہریوں کو شمالی کوریا میں گرفتار کیا جاچکا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT