Tuesday , August 22 2017
Home / Top Stories / امریکی صدر کو دِکھانے جی ایس ٹی کا جلد بازی میں نفاذ

امریکی صدر کو دِکھانے جی ایس ٹی کا جلد بازی میں نفاذ

’’ہندوستان ، امریکہ کا نہیں ، کسانوں اور مزدوروں کا ہے‘‘ : راہول گاندھی
بانسوارہ (راجستھان)۔ 19 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے جی ایس ٹی کے مسئلہ پر این ڈی اے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے آج دعویٰ کیا کہ جی ایس ٹی محض دنیا کو متاثر کرنے کیلئے جلد بازی میں نافذ کیا گیا ہے۔ راجستھان کے قبائیلی علاقہ میں ایک کالج گراؤنڈ پر کسانوں کی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے راہول نے کہا کہ پارلیمنٹ اگرچہ بالواسطہ محاصل (جی ایس ٹی) کے نفاذ کیلئے آدھی رات تک کام کرسکتا ہے لیکن کسانوں کے مسائل پر محض ایک منٹ بھی بحث نہیں کرسکتا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’بانسوارہ آمد سے قبل میں لوک سبھا میں تھا۔ ہم کسانوں کے مسائل پر بحث کرنا چاہتے تھے لیکن ہمیں ایک منٹ کے لئے بھی اس مسئلہ پر بحث کرنے کی اجازت نہیں دی گئی‘‘۔ انہوں نے کہا کہ دوسری طرف جی ایس ٹی آدھی رات کو نافذ کیا گیا۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ’’وزیراعظم ساری دنیا کو اور بالخصوص امریکہ کے صدر کو یہ (جی ایس ٹی کا نفاذ) بتانا چاہتے تھے لیکن ہندوستان، امریکہ کا نہیں ہے۔ ہندوستان چھوٹے بیوپاریوں، مزدوروں اور کسانوں کا ہے‘‘۔ ان کے خطاب کے دوران ہزاروں شرکاء نے تائید میں نعرے لگاتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ بشمول مدھیہ پردیش مختلف قریبی ریاستوں میں ہزاروں کسانوں نے راہول کی اس ریالی میں شرکت کی۔ انہوں نے بی جے پی پر کسانوں کے مفادات کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ان کی پارٹی کانگریس کاشت کاروں کے ساتھ ہے اور کسانوں کے قرض معاف کرنے کے لئے وسندھرا راجے کی زیرقیادت حکومت پر دباؤ ڈالے گی۔

TOPPOPULARRECENT