Wednesday , August 16 2017
Home / شہر کی خبریں / امریکی قونصلیٹ جنرل اور پرجوالا کے مشترکہ پراجکٹ ’سوارکھشا‘ کا آغاز

امریکی قونصلیٹ جنرل اور پرجوالا کے مشترکہ پراجکٹ ’سوارکھشا‘ کا آغاز

انسانی تجارت کے خلاف کمیونٹیز میں بیداری پیدا کرنے اضلاع کے دورہ کا پروگرام
حیدرآباد ۔ 9 جنوری (سیاست نیوز) امریکی قونصلیٹ جنرل حیدرآباد اور حیدرآباد کی ایک اینٹی ٹریفک آرگنائزیشن ’’پرجوالا‘‘ کی جانب سے ان کے مشترکہ پراجکٹ سوارکھشا کا آغاز کیا گیا جو کہ ٹریفکنگ کے خلاف کمیونٹی میں بیداری پیدا کرنے کیلئے ایک کاروان ہے۔ یہ کاروان ٹریفکنگ ایجنٹس اور دلالوں کے طریقہ کار سے متعلق بیداری پیدا کرنے کیلئے اضلاع میں جاکر بیداری پیدا کرے گا۔ آج رویندرا بھارتی سے اس کاروان کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا۔ یہ کاروان 9 جنوری تا مئی 2016ء مختلف اضلاع کا دورہ کرے گا جس میں تلنگانہ، آندھراپردیش اور اڑیسہ کے 53 اضلاع میں جاکر اس تعلق سے بیداری پیدا کرے گا۔ اس مہم کا مقصد انسانی تجارت کے خطرات سے کمیونٹیز میں بیدای پیدا کرنا ہے۔ پرجوالا کے کارکنوں کے ساتھ ٹریفکنگ سے بچ جانے والے اس کاروان میں سفر کریں گے جس کے دوران ہر روز مختلف پروگرامس منعقد کئے جائیں گے اور ٹریفکنگ پر دستاویزی فلموں کی نمائش کی جائے گی اور مباحثوں کا انعقاد ہوگا اور کمیونٹیز کو انسانی اسمگلرس سے چوکنا کیا جائے گا اور لڑکے اور لڑکیوں کو روزگار، شادی، محبت، فلمی رول یا بہتر زندگی کے نام پر لالچ دینے کے ان کے طریقوں سے واقف کروایا جائے گا۔ اس مہم کے دوران پرجوالا کی ٹیمس کمیونٹی ویجیلنٹ گروپس کا نیٹ ورک بھی قائم کریں گی اور انہیں ٹریننگ دیں گی۔ اس موقع پر امریکی قونصلیٹ جنرل حیدرآباد کے قونصل جنرل میکائیل مولینس نے کہا کہ حکومت امریکہ نے تمام شکلوں میں ہیومین ٹریفکنگ کے تدارک کا تہیہ کیا ہے لیکن کسی بھی حکومت، این جی او، والنٹر، پولیس عہدیدار، جج کو اس لڑائی میں اس وقت تک کامیابی حاصل نہیں ہوسکتی جب تک کہ عوام کا اس میں اشتراک اور تعاون نہ ہو۔ اس پروگرام میں تلنگانہ اور اے پی ہائیکورٹ کے جسٹس ایس وی بھٹ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی جبکہ مسز سرادا علی خان، جوائنٹ سکریٹری وزارت بہبودی خواتین و اطفال، مسٹر کریگ ڈیکر، منسٹر کونسلر فار پبلک افیرس، سفارتخانہ امریکہ، نئی دہلی اور مسٹر مارک ٹیسون، منسٹر کونسلر فار پولیٹیکل افیرس سفارتخانہ امریکہ، نئی دہلی نے بحیثیت اعزازی مہمان شرکت کی۔

TOPPOPULARRECENT