Wednesday , October 18 2017
Home / Top Stories / امریکی مسلمان ووٹرس ری پبلیکن پارٹی سے نالاں

امریکی مسلمان ووٹرس ری پبلیکن پارٹی سے نالاں

نوجوان مسلم ووٹرس کے رجسٹریشن میں اضافہ
واشنگٹن ۔ 11 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدارتی انتحابات میں مسلمانوں کے خلاف کھلے عام تعصب کی وجہ سے پہلی مرتبہ ایسے ووٹروں کی رجسٹریشن میں اضافہ ہوا ہے جن کی عمر 18 برس سے زیادہ ہے اور جنھوں نے اس سے پہلے کبھی ووٹ نہیں ڈالا۔امریکی مسلمانوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے ادارے ایمرج یو ایس کے مطابق پاکستانی نڑاد امریکیوں کا مرکز سمجھے جانے والی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں اب تک 16 ہزار کے قریب نئے ووٹر رجسٹر ہوئے ہیں۔ ان تمام ووٹروں کی عمر 18 برس سے زیادہ ہے۔بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ایمرج کے کارکن آفاق درانی نے کہا کہ نئے ووٹروں میں اضافے کی ایک وجہ انتحابی جلوسوں میں مذہبی بنیاد پر تعصب ہے۔ اقلیتیں اور خاص طور پر مسلمان اپنی امریکی شناخت کو خطرے میں محسوس کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ماضی کے برعکس وہ اس انتخابی عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہتے ہیں۔’اسی کی نشاندہی کچھ عرصے پہلے کونسل آف مسلم امریکن نامی تنظیم نے بھی کی ہے۔ تنظیم کی جانب سے ایک سروے سے معلوم ہوا ہے کہ امریکہ میں بسنے والے 76 فیصد مسلمانوں نے 8  نومبر کو ہونے والے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے، جن میں سے 45 فیصد نے اس کی وجہ مذہب کی بنیاد پر مسلمانوں کا نشانہ بنائے جانا بتائی ہے۔ہیوسٹن کے رہائشی سعید شیخ نہ صرف ری پبلیکنس کو ووٹ دیتے آئے ہیں بلکہ ری پبلیکنس کے لیے فنڈز بھی جمع کرتے رہے ہیں۔ مگر اس بار وہ ری پبلیکنس کے صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ سے نالاں ہیں۔

انھوں نے ان انتخابات میں پہلی مرتبہ اپنا ووٹ ڈیموکریٹس کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا 9/11  کے بعد مسلمانوں کی کڑی نگرانی کی وجہ سے مسلمان برداری میں ری پبلیکنس کے خلاف غم و غصہ تو تھا مگر ہم نے جماعت کا ساتھ نہیں چھوڑا لیکن ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستانی مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد کو مجبور کر دیا ہے کہ وہ ڈیموکریٹس کا ساتھ دیں جو اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی بات کرتے ہیں۔ مذہب کی بنیاد پر کسی کو نشانہ بنانا امریکی آئین کی خلاف ورزی ہے۔’انھوں نے اپنے گھر سے بیشتر نمایاں رپبلکنز کی اپنے ساتھ کھینچی ہوئی تصاویر کو امریکی صدر اوباما اور ہلاری کلنٹن کی تصاویر سے تبدیل کر دیا ہے۔ہیوسٹن میں سب سے بڑے اسلامی سینٹر اسلامک سوسائٹی آف گریٹر ہیوسٹن نے مسلمان ووٹروں کو ووٹ کا حق استعمال کرنے کی جانب راغب کرنے کے لیے متعدد تقاریب کا انعقاد کیا ہے۔ایسی ہی ایک تقریب میں شامل صحافی وجاہت علی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ان انتخابات اور ڈونالڈ ٹرمپ کی وجہ سے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف تعصب اب مین سٹریم پر آ گیا ہے۔ اس کی وجہ سے اقلیتوں میں بڑی حد تک خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ لیکن ساتھ ہی ساتھ اس نے امریکی مسلمانوں کو یہ موقع بھی دیا ہے وہ نہ صرف اپنے ساتھی امریکیوں کے ساتھ روابط بڑھائیں بلکہ اپنے ووٹ کا حق استعمال کرتے ہوئے نفرت کو مات دیں۔

TOPPOPULARRECENT