Thursday , April 27 2017
Home / شہر کی خبریں / امریکی پارلیمانی ارکان کے وفد کی 20 فروری کو ہندوستان آمد

امریکی پارلیمانی ارکان کے وفد کی 20 فروری کو ہندوستان آمد

دہلی کے علاوہ بنگلور اور شہر حیدرآباد کے مختلف اِداروں کا دورہ پروگرام میں شامل

حیدرآباد۔16فروری(سیاست نیوز) امریکی اراکین پارلیمان کا 27رکنی وفد 20تا 25فروری ہندستان کا دورہ کرے گا۔امریکی ارکان پارلیمان کے 2علحدہ وفود جن کی جملہ تعداد 27ہے ہندستان کا دورہ کرنے والے ہیں اور ان کے اس دورہ میں دہلی کے علاوہ صرف شہر حیدرآباد شامل ہے۔اس کے علاوہ 8ارکان پر مشتمل وفد دہلی کے علاوہ بنگلورو کا دورہ کرے گا۔بتایاجاتا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں امریکی ارکان پارلیمان کا بیک وقت دورۂ ہندستان پہلی مرتبہ ہے اور اس دورہ کو سرکاری سطح پر کافی اہمیت حاصل ہو رہی ہے کیونکہ امریکہ میں ٹرمپ کے صدارت سنبھالنے کے بعد پیدا شدہ صورتحال اور H1Bکے متعلق جاری قیاس آرائیوں کے درمیان ہونے والے اس ارکان پارلیمان کے دورہ ٔ ہند سے حالات واضح ہونے کی امید ظاہر کی جانے لگی ہے لیکن ذرائع کے مطابق ان کے دورہ کے مقاصد علحدہ ہیں اسی لئے یہ نہیں کہا جا سکتا ہے کہ وہ ان امور پر رائے پیش کریں گے لیکن ممکن ہے کہ ان پارلیمانی وفود کو ہندستانی نمائندوں کی جانب سے اپنے شہریوں کے متعلق تشویش سے واقف کروایا جائے گا۔بتایا جاتا ہے کہ امریکی پارلیمانی وفود کے دورہ کا مقصد زرعی صورتحال سے آگہی حاصل کرنے کے علاوہ زیر زمین پانی کے ذخیرہ کے متعلق تحقیق کرنا ہے اور اس کے متعلق مکمل تفصیلات حاصل کرنا ہے۔باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق دہلی اور حیدرآباد کا 19 امریکی اراکین پارلیمان دورہ کریں گے اور  8ارکان پارلیمان دہلی اور بنگلورو کا دورہ کریں گے۔بتایا جاتا ہے کہ دورہ حیدرآباد کے دوران ان ارکان پارلیمان کی ریاستی حکومت کے مختلف عہدیداروں و ذمہ داروں سے ملاقات ہوگی اور مستقبل کے تعلقات میں استحکام پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔باوثوق ذرائع کے بموجب ریاست تلنگانہ کے دورہ کے دوران ارکان پارلیمان کا یہ وفد ریاست میں جاری زرعی تحقیق اور کاشتکاری کیلئے اختیار کی جانے والی عصری ٹکنالوجی کے متعلق معلومات حاصل کرے گا ۔بتایاجاتا ہے کہ وفد میں ہندستان سے گہرے تعلقات رکھنے والے امریکی ارکان پارلیمان بھی شامل ہیں جو عرصہ دراز تک ہندستانی سفارتی عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔امریکی ارکان پارلیمان کے اس دورہ ہند کے دوران یہ وفود دہلی‘ بنگلورو اور حیدرآباد کے مختلف اداروں کا دورہ کریں گے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT