Tuesday , September 19 2017
Home / Top Stories / امر سنگھ کی ایس پی میں واپسی ‘ راجیہ سبھا کیلئے دوبارہ نامزد

امر سنگھ کی ایس پی میں واپسی ‘ راجیہ سبھا کیلئے دوبارہ نامزد

بینی پرساد ورما بھی امیدوار ۔ پارٹی پارلیمانی بورڈ میں فیصلہ ،6 نشستوں پر کامیابی کا یقین

نئی دہلی 17 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق سماجوادی پارٹی لیڈر امر سنگھ کو بالآخر خوشخبری مل گئی ہے ۔ سماجوادی پارٹی نے انہیں راجیہ سبھا کی نشست کیلئے دوبارہ نامزد کردیا ہے ۔ سماجوادی پارٹی نے منگل کو راجیہ سبھا کیلئے پارٹی کے سات امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے ۔ یہ انتخابات آئندہ ماہ ہونے والے ہیں۔ سماجوادی پارٹی کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کا ایک اجلاس آج لکھنو میں منعقد ہوا جس میں کہا گیا ہے کہ امر سنگھ کے علاوہ بینی پرساد ورما کو بھی نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ جن دوسرے افراد کو نامزد کیا گیا ہے ان میں سنجے سیٹھ ‘ سکھ رام یادو ‘ وشوامبھر پرساد نشاد ‘ اروند سنگھ اور ریوتی رمن سنگھ شامل ہیں۔دو دن قبل ہی ملائم سنگھ یادو نے امرسنگھ کی سماجودای پارٹی میں دوبارہ شمولیت کے تعلق سے نامہ نگاروں کے سوال کا جواب دینے سے گریز کیا تھا ۔  اجلاس کی پارٹی کے صدرملائم سنگھ یادو نے صدارت کی جبکہ اجلاس میں شریک ہونے والوں میوں پارٹی کے جنرل سکریٹری رام گوپال یادو ‘ سینئر وزرا شیوپال یادو اور محمد اعظم خان کے علاوہ خصوصی مدعو و چیف منسٹر اکھیلیش سنگھ یادو کے علاوہ کرن موئی نندا بھی شامل ہیں۔

راجیہ سبھا کیلئے انتخابات 11 جون کو ہونے والے ہیں ۔ ساتھ ہی اتر پردیش قانون ساز کونسل کی 13 نشستوں کیلئے بھی اسی دن انتخابات ہونگے ۔ قانون ساز کونسل کی ان نشستوں کیلئے اتر پردیش میں زبردست سیاسی سرگرمیاں شروع ہوگئی ہیں ۔ یہاں ایک ایم ایل سی نشست کیلئے 32 ارکان اسمبلی کی تائید ضروری ہے ۔ راجیہ سبھا کی ایک نشست کیلئے 37 ارکان کی تائید درکار ہوتی ہے ۔ راجیہ سبھا اور قانون ساز کونسل کی نشستیں 4 جولائی اور 6 جولائی کو خالی ہونے والی ہیں۔ اتر پردیش کی 403 رکنی اسمبلی میں برسر اقتدار سماجوادی پارٹی کے 227 ارکان اسمبلی ہیں۔ ان سے پارٹی کو راجیہ سبھا کی چھ نشستوں پر کامیابی مل سکتی ہے ۔ بہوجن سماج پارٹی کو دو نشستیں اور بی جے پی کو ایک نشست حاصل ہوسکتی ہے ۔ فی الحال بی ایس پی کے چھ ارکان ہیں اور سماجوادی پارٹی کے تین ارکان ہیں۔ اسی طرح قانون ساز کونسل کیلئے بھی سماجوادی پارٹی کو سات ‘ بی ایس پی کو دو اور بی جے پی کو ایک نشست حاصل ہوسکتی ہے ۔ راجیہ سبھا اور قانون ساز کونسل کیلئے کسی رکن کو منتخب کرنے کانگریس کو مشکلات ہیں۔ اس کے 29 ارکان اسمبلی ہیں۔ اسے آزاد ‘ یا پیس پارٹی یا پھر راشٹریہ لوک دل کی تائید حاصل کرنی ہوگی ۔ آر ایل ڈی کے آٹھ ارکان اسمبلی ہیں۔ گیارہویں راجیہ سبھا نشست حاصل کرنے کیلئے سماجوادی پارٹی کے علاوہ بی ایس پی اور بی جے پی دونوں بھی کوشش کرسکتی ہیں۔ اس نشست کیلئے اصل اپوزیشن بی ایس پی نے پہلے ہی اپنے امیدوار کا اعلان کردیا ہے ۔ ایوان اسمبلی میں بی ایس پی کے 80 ارکان ہیں۔ بی ایس پی نے اس نشست کیلئے ایس سی مصرا کو امیدوار بنایا ہے ۔ بی ایس پی کے سبکدوش ہونے والے رکن امیت راجن کو بھی دوسری معیاد کیلئے نامزد کیا جاسکتا ہے ۔ بی جے پی کے 41 ارکان اسمبلی ہیں اور وہ ہوسکتا ہے کہ یہاں سے مرکزی وزیرمختار عباس نقوی کو امیدوار بنائے ۔

TOPPOPULARRECENT