Thursday , August 17 2017
Home / عرب دنیا / امن مذاکرات کا بائیکاٹ کرنے منصور ہادی کی دھمکی

امن مذاکرات کا بائیکاٹ کرنے منصور ہادی کی دھمکی

صنعاء ۔ 11 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) یمن کے صدر عبد ربہ منصور ھادی نے واضح کیا ہے کہ وہ ملک کو ایران کی معاون ریاست اور فارسی مملکت میں کسی صورت میں تبدیل نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے دھمکی آمیز لہجے میں کہا ہیکہ اگر اقوام متحدہ کی طرف سے ان پر حالیہ ویژن اور متنازعہ امن فارمولہ مسلط کرنے کی کوشش کی تو وہ کویت میں آئندہ جمعہ سے شروع ہونے والے امن مذاکرات کا بائیکاٹ کردیں گے۔ صدر ھادی نے ان خیالات کا اظہار یمن کے مآرب شہر کے دورے کے دوران فوجی افسران سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم یمن کو فارسی ریاست نہیں بننے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج جلد ہی صنعاء کو باغیوں سے آزاد کرا لیں گے۔ خیال رہے کہ صدر ھادی اور نائب صدر علی محسن الاحمر سمیت متعدد وزراء گذشتہ روز مارب گورنری کے دورے پرآئے تھے۔ یمن میں حوثیوں کی بغاوت کے بعد صدر ھادی کا یہ پہلا دورہ مآرب ہے۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے صدر منصور ھادی نے کہا کہ باغیوں کو اپنی بغاوت کو آئینی شکل دینے کی کسی صورت میں اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ روز اقوام متحدہ کے مندوبین نے یمن میں مخلو ط حکومت کے قیام پر بات چیت کی ہے۔ تاہم اس حوالے سے تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔ صدر منصور ھادی نے باغیوں کے خلاف جاری آپریشن پر سعودی عرب اور خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سمیت عرب اتحاد کی خدمات کو سراہا۔

TOPPOPULARRECENT