Sunday , August 20 2017
Home / اضلاع کی خبریں / امن کی برقراری میں پولیس کا رول قابل ستائش

امن کی برقراری میں پولیس کا رول قابل ستائش

جگتیال۔ 5 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مذہب اسلام اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے نہ صرف مسلمان بلکہ ساری انسانیت کیلئے آپس میں حسن و سلوک کی دعوت دی ہے۔ ہندوستان، گنگا جمنی تہذیب کا گہوارہ ہے۔ گنیش وسرجن اور عیدالاضحی تہواروں کے موقع پر پولیس کی جانب سے امن و امان کی برقراری پر جگتیال کے مسلمانوں کی جانب سے تہنیتی تقریب کا انعقاد قابل ستائش اقدام ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا مشتاق احمد قاسمی امام و خطیب جامع مسجد نے گزشتہ رات جماعت اسلامی کانفرنس ہال میں ڈی ایس پی اور سرکل انسپکٹرس اور سب انسپکٹرس کی منعقدہ تہنیتی تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تہنیتی جلسہ کی صدرارت مرکزی کمیٹی ملت اسلامیہ جگتیال کارگذار صدر جناب ریاض خان نے کی۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے بلدیہ وائس چیرمین سراج الدین منصور، سید جمیل احمد عیدگاہ کمیٹی صدر، بسم اللہ خاں جامع مسجد صدر کے علاوہ ڈی ایس پی جگتیال راجندر پرساد، سرکل انسپکٹر کروناکر، رورل سرکل انسپکٹر وجئے راج، سب انسپکٹر عارف خان، اوپیندر نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں امن و امان کی برقراری قائم رکھنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے اور پولیس نے جو دونوں تہواروں کے موقع پر اپنا رول ادا کیا ہے۔ قابل تعریف ہے۔ امیر جماعت اسلامی جگتیال شعیب الحق نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جگتیال کے پرامن حالات کو پولیس نے بگڑنے سے بچالیا جوکہ قابل تعریف ہے۔ صدر ملت اسلامیہ ریاض خان نے پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے عیدالاضحی اور گنیش وسرجن کے موقع پر پولیس کا معقول بندوبست کیا۔ سرکل انسپکٹر نے تمام مسلمانوں کا شکریہ ادا کیا اور پولیس کا تعاون کرنے پر اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی برقراری کی ستائش کی اور کہا کہ یہاں کا ماحول بہت ہی اچھا ہے۔ چند شرپسند عناصر پرامن فضاء کو بگاڑ رہے ہیں۔ ڈی ایس پی راجندر پرساد نے مسلمانوں کی جانب سے تہنیتی تقریب کے انعقاد پر اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر خواجہ لیاقت علی محسن نے پروگرام کی کارروائی چلائی۔ بعدازاں تمام پولیس عہدیداران کی گلپوشی اور شال پوشی کیساتھ تہنیت پیش کی گئی۔ اس موقع پر ریاض خان، سراج الدین، منصور، سید جمیل احمد، محمد منیرالدین منا، عبدالباری، ذوالفقار علی، مکثر علی نہال، امین الحسن، میر کاظم علی، عامر حسین، مجاہد عادل، محمد جعفر شریف عرفان، نواب جانی، عبدالقادر مجاہد، معین مینگو اسوسی ایشن پریسیڈنٹ اور دیگر نے گلپوشی کی۔

TOPPOPULARRECENT