Tuesday , August 22 2017
Home / اضلاع کی خبریں / امن کے ساتھ زندگی بسر کرتے ہوئے خدمت خلق کی ہدایت

امن کے ساتھ زندگی بسر کرتے ہوئے خدمت خلق کی ہدایت

ادونی میں منعقدہ اجلاس سے آئی جی شیخ محمد اقبال کا خطاب
ادونی۔ /10اگسٹ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)رائلسیما آئی جی شیخ محمد اقبال نے ادونی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر بلدیہ کونسل ہال میں امن کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر آئی جی شیخ محمد اقبال کے علاوہ ضلع ایس پی، ادونی آرڈی او، کمشنر بلدیہ اور ڈی ایس پی ادونی نے اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر اقلیتی و اکثریتی طبقے کی معزز شخصیات اور قائدین نے شرکت کی۔امن کمیٹی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے شیخ محمد اقبال رائلسیما آئی جی بتایا کہ ان کی تعلیم و تربیت ادونی شہرمیں ہوئی ۔ جس کے سبب وہ ادونی شہر اور علاقہ رائلسیما کو ترقی دینے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ مزید انھوں نے بتایا کہ ہر طبقے کو لوگوںکو چاہئے کہ وہ آپس میں پیار محبت اور مل جل کر رہیں۔ اس طرح رہنے سے شہر اور ملک کی ترقی آسانی سے ہوسکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ انسان کو چاہئے کہ خدمت خلق کیلئے آگے رہیں۔ دنیا میں ہر انسان بہت ہی سکون کی زندگی بسر کرنا چاہتا ہے ۔ اور اصل سکون کی زندگی انسان کو تب ہی محسوس ہوگی جب وہ غریب عوام کی مدد کریگا۔ جس سے انھیں دلی سکون محسوس ہوگااور ایک دوسرے کیلئے محبت بڑھے گی۔ مزید انھوں نے کہا کہ آنے والی نئی نسل کو تعلیم سے آراستہ کرنا اہم مقصد بنا لیا جائے۔ تعلیم دلانے کیلئے نئی نسل کی ہر طرح سے مدد کی جائے ۔ اس طرح سے انسان اپنے آپ میں مصروف رہینگے تو کسی قسم کے فسادات نہیں ہوں گے ۔ہر ایک کے ساتھ پیا ر محبت سے پیش آنا اورایک دوسرے سے میٹھی گفتگو کرنا اپنا نصب العین بنالیں۔ خدمت خلق انسان کیلئے ایک بہترین عبادت ہے۔ اس موقع پر ضلع ایس پی ، آرڈی او ادونی ، اور کمشنر بلدیہ نے بھی اپنے ذرین خیالات کا اظہار کیا،اور سبھی نے آنے والے تہوار ، عیدالاضحی اور گنیش پُرامن طور پر منانے کی اپیل کی۔ اس موقع پر عیدگاہ کمیٹی اراکین جناب خطیب علی ہاشمی ، امان اللہ، جنید ہاشمی، قبرستان کمیٹی سے ویرائٹی اسمعیل ، شیخ شاہ ولی اور نذیر احمد ، معراج سوسائٹی ادونی سے محمد ذاکر اور حسین ثانی کے علاوہ قاضی شہر الطاف حسین ، ایس ایم بی انو، کرنل رحمت اللہ ، دیوی شیٹی پرکاش، پرکاش جین ، وی رمیش و دیگر شریک رہے ۔ شیخ محمد اقبال کی ادونی آمد پر عوام نے خوشی محسوس کرتے ہوئے شال پوشی اور گل پوشی کے ذریعہ ان کا استقبال کیا۔

TOPPOPULARRECENT