Saturday , September 23 2017
Home / ہندوستان / امیت شاہ کا بی جے پی ورکر کے گھر پرلنچ

امیت شاہ کا بی جے پی ورکر کے گھر پرلنچ

کولکتہ۔ 13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر بی جے پی امیت شاہ نے آج شمالی کولکتہ کے کوسی پور میں ایک بی جے پی ورکر کے مکان پر لنچ کیا۔ امیت شاہ کا لاک گیٹ علاقہ کے مکینوں نے پرجوش استقبال کیا اور وہ تنگ گلیوں سے گذرتے ہوئے پارٹی ورکر کے مکان پہنچے۔ انہوں نے وہاں کے لوگوں کو درپیش مسائل سے واقفیت حاصل کی اور ان کی فلاح و بہبود کے تعلق سے ضروری نمائندگی کا تیقن دیا۔ امیت شاہ مانس سین کے مکان کے فرش پر بیٹھ گئے اور چاول، مونگ دال، آلو کا سالن وغیرہ نوش کیا۔ انہیں مٹھائیاں اور دیگر لوازمات بھی موز کے پتے سے تیار کردہ پلیٹ میں پیش کئے گئے۔ امیت شاہ کے ہمراہ بی جے پی کے نیشنل جنرل سیکریٹری کیلاش وجئے ورگھیا اور اسٹیٹ پارٹی کے سربراہ دلیپ گھوش، پارٹی نیشنل سیکریٹری راہول سنہا اور پارٹی لیڈر سریش پجاری بھی تھے۔ مانس سین جو ایک ڈپارٹمنٹل اسٹور میں کام کرتا ہے، اس نے کہا کہ امیت شاہ کی میزبانی اس کیلئے اعزاز کی بات ہے جو اس کی زندگی میں نہایت یادگار موقع کے طور پر محفوظ رہے گی۔ لنچ کرنے کے بعد امیت شاہ جو یہاں سہ روزہ دورہ پر دوشنبہ کو آئے تھے، ایرپورٹ کیلئے روانہ ہوگئے۔

TOPPOPULARRECENT