Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / انتخابات کو پرامن وشفاف بنانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری

انتخابات کو پرامن وشفاف بنانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری

پرانے شہر میں انتخابی عمل کو بہتر بنانے کے لئے مجلس بچائو تحریک سرگرم

حیدرآباد۔ 17 جنوری (سیاست نیوز) ریاستی الیکشن کمیشن کی یہ ذمہ داری ہے کہ پُرامن شفاف انتخابات کو یقینی بنائے اور رائے دہی کے دن غیرسماجی عناصر پر کنٹرول کرنے کے علاوہ تلبیس شخصی کو روکنے کیلئے سخت گیر اقدامات کرتے ہوئے غیرجانبدار رویہ اختیار کرے۔ جناب مجیداللہ خاں فرحت ترجمان مجلس بچاؤ تحریک نے آج تحریک کی جانب سے 18 امیدواروں کو نامزد کئے جانے کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ مجلس بچاؤ تحریک کی جدوجہد جاری رہے گی اور شہر حیدرآباد کی ترقی کیلئے لامتناہی سرگرمیاں نہیں روکے جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ پرانے شہر میں انتخابات کے معاملات کو سدھارنے اور غیرجانبدار طریقہ سے انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے میں کوئی سیاسی جماعت دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کررہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ماضی کے تجربات کے پیش نظر وہ یہ کہنے کے موقف میں ہیں، پرانے شہر میں رائے دہی کے نام پر جمہوریت کا قتل کیا جاتا ہے۔ مجید اللہ خاں فرحت نے انتخابی عہدیدار، شہر کے اس خطے میں رسمی ذمہ داریاں ادا کرتے ہیں، چونکہ ان پر خوف طاری کرتے ہوئے اپنی مرضی کے مطابق ہنگامہ آرائی کی جاتی ہے۔ ترجمان تحریک نے کہا کہ دھاندلیوں سے پاک انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے پولیس عہدیداروں کو غیرجانبدار رہتے ہوئے عوام میں خوف پیدا کئے بغیر خدمات کی انجام دہی کو یقینی بنایا جانا چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ 25 سال سے مجلس اور کانگریس کے اتحاد کے سبب کانگریس کا پرانے شہر میں کیڈر نہیں رہا اور اب مجلس برسراقتدار ٹی آر ایس کے ساتھ اتحاد کے ذریعہ انتخابی عمل پر اثرانداز ہونے کی کوشش کررہی ہے، چونکہ پرانے شہر میں ٹی آر ایس سیاسی وجود سے محروم ہے۔ فرحت خاں نے ریاستی الیکشن کمیشن سے اپیل کی کہ وہ بہتر سے بہتر انتظامات کے ذریعہ شفاف انتخابات بالخصوص مراکز رائے دہی پر قبضے اور تلبیس شخصی سے پاک انتخابات یقینی بنائیں تاکہ شہر حیدرآباد کے رائے دہندے بلاکسی خوف و خطر اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کرتے ہوئے اُمیدوار منتخب کرسکیں۔ ترجمان تحریک نے بتایا کہ مجلس بچاؤ تحریک تمام امیدواروں کی کامیابی کیلئے شدت کے ساتھ مہم چلائے گی تاکہ مظلوم شہریوں کو انصاف رسانی کا عمل بہتر بنایا جاسکے۔

TOPPOPULARRECENT