Saturday , October 21 2017
Home / شہر کی خبریں / انتخابی فہرست سے لاکھوں نام حذف: کانگریس

انتخابی فہرست سے لاکھوں نام حذف: کانگریس

حیدرآباد ۔ 17 ڈسمبر (این ایس ایس) جی ایچ ایم سی عہدیداروں پر گریٹر حیدرآباد حدود میں ووٹر کے نام حذف کرنے کے معاملہ میں کئی بے قاعدگیوں کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے سرکاری ترجمان بی کملاکر راؤ اور جی نرنجن نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کے عہدیدار اس معاملہ میں عدالتی احکامات پر عمل آوری میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ووٹر کارڈ کو آدھار سے مربوط کرتے ہوئے کئی افراد کے نام حذف کئے جارہے ہیں حالانکہ سپریم کورٹ نے ایسے افراد کے نام فہرست سے نہ نکالنے کی ہدایت دی ہے جو آدھار کارڈ نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے 89 ہزار افراد کے نام فرضی قرار دیتے ہوئے حذف کردیئے اور اس کے بعد مزید 6 لاکھ سے زائد ووٹرس کے نام بھی نکال دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے جی ایچ ایم سی عہدیداروں کے اس موقف پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ شہر میں 7.1 لاکھ جعلی ووٹرس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درحقیقت گریٹر حیدرآباد حدود میں جملہ 14.02 لاکھ ووٹرس کے نام حذف کئے جارہے ہیں۔ جی ایچ ایم سی کے عہدیدار اس معاملہ میں سنٹرل الیکشن کمیشن یا سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل نہیں کررہے ہیں۔ انہوں نے ریاستی الیکشن کمیشن کے عہدیداروں سے انتخابی اعلامیہ جاری کرنے سے قبل کل جماعتی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی رائے دہندگان کی فہرست کو درست کئے بغیر انتخابی اعلامیہ جاری کرنے کی صورت میں کانگریس عدالت سے رجوع ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT