Tuesday , October 24 2017
Home / شہر کی خبریں / انجینئرنگ کالج کے تلگو اور بہاری طلباء میں جھڑپ ، 15 زخمی

انجینئرنگ کالج کے تلگو اور بہاری طلباء میں جھڑپ ، 15 زخمی

حیدرآباد۔ 13 اگست (سیاست نیوز) مقامی خانگی انجینئرنگ کالج میں طلباء کے دو گروپس کے مابین جھڑپ کے نتیجہ میں تقریباً 15 طلباء زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے بموجب شہر کے نواحی علاقہ حیات نگر باٹا سنگارم علاقہ میں واقع انجینئرنگ کالج کے طلباء میں نشانات کے مسئلہ پر تنازعہ پیدا ہوگیا۔ تلگو بولنے اور بہاری طلباء آپس میں ایک دوسرے سے اُلجھ گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ بہار سے تعلق رکھنے والے طلباء کے خلاف بعض ریمارکس کی وجہ سے صورتِ حال ابتر ہوگئی۔ کالج میں دو گروپس ایک دوسرے سے متصادم ہوگئے اور احاطۂ کالج میں افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔ انجینئرنگ سال دوم کے مقامی طلباء اور بہار سے تعلق رکھنے والے طلباء ایک دوسرے کے خلاف لاٹھیوں کا بھی استعمال کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ان دونوں گروپس میں گزشتہ ایک ہفتہ سے تناؤ چل رہا تھا۔ تلگو طلباء نے مبینہ طور پر بہار طلباء کے خلاف چند ریمارکس کئے اور یہ بحث کی وجہ بن گئی۔ آج ہوئی اس لڑائی میں تقریباً 15 طلباء کو معمولی زخم آئے۔ پولیس نے اطلاع ملتے ہی فوری وہاں پہنچ کر صورتحال پر قابو پالیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک طالب علم نے کالج عمارت کی پہلی منزل سے چھلانگ لگا دی تھی۔ حمایت نگر پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر پی وینکٹیشورلو نے بتایا کہ 15 طلباء کو معمولی زخم آئے۔ انہوں نے دونوں گروپس کے ارکان کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ کالج انتظامیہ کیخلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT