Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / اندراماں امکنہ اسکیم میں بے قاعدگیوں کی تحقیقات مکمل

اندراماں امکنہ اسکیم میں بے قاعدگیوں کی تحقیقات مکمل

چیف منسٹر کو رپورٹ کی عنقریب پیشکشی، وزیر انڈومنٹ اندرا کرن ریڈی
حیدرآباد 9 اگسٹ (سیاست نیوز) وزیر انڈومنٹ ریاست تلنگانہ مسٹر اندرا کرن ریڈی نے کہاکہ ’’اندراماں امکنہ جات‘‘ میں پیش آئیں مبینہ بے قاعدگیوں کی سی آئی ڈی کے ذریعہ کروائی گئی تحقیقات مکمل کرلی گئی ہیں۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر اندرا کرن ریڈی نے واضح طور پر کہاکہ اندراماں امکنہ جات (اندرماں ہاؤزنگ) میں پیش آئیں مبینہ بے قاعدگیوں کی تحقیقاتی رپورٹ بہت جلد چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو پیش کردی جائے گی۔ انھوں نے بتایا کہ سابق کانگریس حکومت میں بڑے پیمانے پر امکنہ جات تعمیر کرنے کے لئے اندراماں ہاؤزنگ پروگرام کا آغاز کیا گیا تھا اور ان امکنہ جات کی تعمیر میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کے واقعات پیش آنے کی ہر سطح سے شکایات حکومت کو وصول ہوئی تھیں جس کی روشنی میں چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے اندراماں امکنہ جات واقعات کی مکمل تحقیقات کی ذمہ داری سی آئی ڈی کے تفویض کی تھی جس کی روشنی میں سی آئی ڈی نے تفصیلی تحقیقات کرکے اپنی رپورٹ مرتب کی۔ بتایا جاتا ہے کہ تحقیقاتی رپورٹ میں اندراماں ہاؤزنگ میں پیش آئے متعدد بے قاعدگیوں میں بعض اہم سیاسی قائدین ملوث پائے جاتے ہیں۔ وزیر انڈومنٹ مسٹر اندرا کرن ریڈی نے کہاکہ بے قاعدگیوں میں ملوث خواہ کسی بھی پارٹی کے قائدین کیوں نہ ہوں انھیں ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا۔ انھوں نے کہاکہ کئی ایک واقعات میں مکانات کی تعمیر مکمل نہ کرکے مکان کی تعمیر کو مکمل ظاہر کرکے رقومات (بلز) حاصل کرلئے جانے کا انکشاف بھی ہوا ہے لہذا ایسے افراد کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کرنے کا سخت انتباہ وزیر موصوف نے دیا۔ مسٹر اندرا کرن ریڈی نے سابق کانگریس حکومت کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہاکہ سابق کانگریس حکومت میں ہی بڑے پیمانے پر ہاؤزنگ اسکیم پروگرام میں بے قاعدگیاں پیش آئیں اور ان بے قاعدگیوں کے تعلق سے ہر سطح پر شکایات کی گئی تھیں۔ لیکن کسی بھی نوعیت کی نہ ہی کوئی کارروائی کی گئی اور نہ ہی کسی قسم کی تحقیقات کروائی گئی۔

TOPPOPULARRECENT