Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / اندرا ماں ہاؤزنگ بقایہ جات کی اجرائی کیلئے حکومت پر دباؤ بڑھانے کا اعلان

اندرا ماں ہاؤزنگ بقایہ جات کی اجرائی کیلئے حکومت پر دباؤ بڑھانے کا اعلان

آج تلنگانہ کے تمام اسمبلی حلقوں میں احتجاجی دھرنے ، صدر پی سی سی تلنگانہ کا بیان
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے اندراماں ہاوزنگ کے استفادہ کنندگان کے بلز کی اجرائی کے لیے ٹی آر ایس حکومت پر دباؤ بنانے 4 اگست کو تلنگانہ کے تمام اسمبلی حلقوں میں بڑے پیمانے پر احتجاجی دھرنا منظم کرنے کا اعلان کیا ہے اور پارٹی کیڈر پر احتجاجی دھرنا کامیاب بنانے کے لیے زور دیا ہے ۔ آج گاندھی بھون میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے شہر میں دستیاب کانگریس کے قائدین ، پارٹی کے ترجمان اور دوسرے قائدین کا اجلاس طلب کیا جس میں منگل کو پارٹی کی جانب سے منظم کئے جانے والے احتجاجی دھرنے کو قطعیت دی گئی ۔ پارٹی کے قائدین ارکان اسمبلی سابق وزراء سابق ارکان اسمبلی و دیگر قائدین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تلنگانہ کے تمام اسمبلی حلقوں میں احتجاجی دھرنا منظم کریں ۔ بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت نے غریب عوام کو مکانات کی فراہمی کے لیے بڑے پیمانے پر عملی اقدامات کئے ہیں ۔ تاہم علحدہ تلنگانہ ریاست قائم ہونے کے بعد حکومت تشکیل دینے والی ٹی آر ایس پارٹی نے اسکیم میں بے قاعدگیوں کا بہانہ کرتے ہوئے 4 لاکھ مکانات کے استفادہ کنندگان کے بلز کو روک دیا ہے جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے اور بطور احتجاج 4 اگست کو تمام اسمبلی ہیڈکوارٹرس پر احتجاجی دھرنے منظم کرتے ہوئے بلز کی اجرائی کے لیے حکومت پر دباؤ بڑھایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسکیم میں بے قاعدگیاں ہوئی ہیں تو حکومت بے قاعدگیوں میں ملوث رہنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے تاہم چند لوگوں کی غلطیوں کی تمام لوگوں کو سزا دینا درست نہیں ہے ۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حلقہ لوک سبھا ضمنی انتخابات کے لیے کانگریس پارٹی پوری طرح تیار ہے ۔ کانگریس پارٹی میں ٹکٹ کے لیے بڑی دوڑ دھوپ جاری ہے ۔ ابھی تک 8 قائدین نے ٹکٹ کے لیے اپنی دعویداری پیش کی ہے ۔ کانگریس پارٹی نے حلقہ لوک سبھا ورنگل میں سروے بھی کرایا ہے جو پارٹی کے حق میں ہے ۔ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی 21 اور 22 اگست کو ضلع ورنگل کا دورہ کرنے والے ہیں جس کے بعد کانگریس کیڈر کے جوش و خروش میں مزید اضافہ ہوجائے گا ساتھ ہی راہول گاندھی حیدرآباد کا بھی دورہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق گورنمنٹ وہپ مسٹر جگا ریڈی 17 اگست کو اپنے حامیوں کے ساتھ دوبارہ کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے ۔۔

TOPPOPULARRECENT