Thursday , September 21 2017
Home / ہندوستان / اندرا گاندھی کی یوم پیدائش کے موقع پر خراج عقیدت

اندرا گاندھی کی یوم پیدائش کے موقع پر خراج عقیدت

نئی دہلی۔/19نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی ، نائب صدر حامد انصاری اور کانگریس کے سرکردہ قائدین نے آج سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی 98 ویں یوم پیدائش کے موقع پر انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ کانگریس صدر سونیا گاندھی، نائب صدر راہول گاندھی اور سابق وزیراعظم منموہن سنگھ ان لیڈروں میں شامل تھے جنھوں نے دریائے یمنا کے کنارے واقع میموریل ’ شکتی استھل ‘ پر گلہائے عقیدت پیش کیا۔ واضح رہے کہ 31اکٹوبر 1984ء کو دو سکھ محافظوں کی جانب سے اندرا گاندھی کو ہلاک کردیئے جانے کے بعد ’ شکتی استھل ‘ پر آخری رسومات انجام دی گئی تھیں۔ اس موقع پر دیگر کانگریس قائدین ایم ایس بٹا، اشوک گیہلوٹ، موتی لال وورا موجود تھے۔ اگرچیکہ این ڈی اے حکومت کا کوئی نمائندہ شکتی استھل پر حاضر نہیں ہوا لیکن وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ٹوئٹر پر اندرا گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ علاوہ ازیں شکتی استھل پر اندرا گاندھی کی ریکارڈ کردہ تقاریر کے اقتباسات سنائے گئے اور ترنگے کے غبارے چھوڑے گئے جبکہ دعائیہ اجتماع میں بھکتی موسیقی پیش کی گئی۔ واضح رہے کہ اندراگاندھی 19نومبر 1917ء کو نہرو خاندان میں پیدا ہوئی تھیں اور انہیں ہندوستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم بننے کا اعزاز حاصل ہوا جنہوں نے 1966ء تا 1977اور 1980-1984 بحیثیت وزیر اعظم خدمات انجام دی تھیں۔

TOPPOPULARRECENT