Friday , August 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / اندرجیت ڈوپ ٹسٹ میں ناکام‘اولمپک میں شرکت غیر یقینی

اندرجیت ڈوپ ٹسٹ میں ناکام‘اولمپک میں شرکت غیر یقینی

نئی دہلی ۔26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں پانچ اگست کو شروع ہونے والے اولمپک مقابلوں میں شرکت کے لئے منتخب کئے جانے والے ہندوستانی ایتھلیٹ اندرجیت سنگھ بھی ڈوپ ٹسٹ میں ناکام ہوگئے ہیں۔ اندرجیت سنگھ کو ’شاٹ پٹ‘ (گولہ پھینکنے کے مقابلے) میں حصہ لینے کے لئے ہندوستانی دستے میں شامل کیا گیا تھا۔انسدادِ ڈوپنگ کی قومی ایجنسی ’ناڈا‘ نے 22 جون کو ان کا نمونہ لیا تھا اور تجزیے سے اس میں دو ممنوعہ ادویات کے اثرات کا پتا چلا۔اس تجزیے کے بعد اندرجیت سنگھ کی ریو اولمپکس میں شرکت غیر یقینی ہوگئی ہے۔’ناڈا‘ نے ان سے کہا ہے کہ اگر وہ اپنے دوسرے نمونے کا تجزیہ کروانا چاہتے ہیں، تو سات دن میں اپنا نمونہ دے دیں۔ ڈوپ ٹسٹ میں ناکامی کے اعلان کے بعد اندرجیت سنگھ نے ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک سازش کا شکار ہوئے ہیں کیونکہ وہ حکام کے خلاف کھل کر بولتے ہیں۔ ہریانہ سے تعلق رکھنے والے اندرجیت سنگھ نے گذشتہ سال فیڈریشن کپ میں 20.65 میٹر دور گولہ پھینک کر ورلڈ چیمپیئن شپ اور ریو اولمپکس کے لئے کوالیفائی کیا تھا۔اندرجیت سنگھ نے 2014 کے ایشیائی کھیلوں میں بھی برونز میڈل جیتا تھا۔خیال رہے کہ اندرجیت ریو اولمپکس کے لئے ہندوستانی دستے میں شامل ایسے دوسرے ایتھلیٹ ہیں جو رواں ہفتے ڈوپ ٹسٹ میں ناکام ہوئے ہیں۔ ان سے قبل پہلوان نرسہما یادو ممنوعہ قوت بخش ادویات کے ٹسٹ میں ناکام ہوئے ہیں۔ نرسمہا، کْشتی میں 74 کلوگرام وزن کے مقابلوں میں ہندوستان کی نمائندگی کرنے کے لیے ریو جانے والے تھے۔

TOPPOPULARRECENT