Sunday , August 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / اندور میں ٹسٹ کرکٹ کا آغاز ویراٹ ، اجنکیا نے یادگار بنایا

اندور میں ٹسٹ کرکٹ کا آغاز ویراٹ ، اجنکیا نے یادگار بنایا

نیوزی لینڈ کیخلاف 267/3 میں مڈل آرڈر جوڑی کی 167 رنز کی غیرمختتم رفاقت ۔ کوہلی کی 2013ء کے بعد وطن میں پہلی سنچری

اندور، 8 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کپتان ویراٹ کوہلی کی شاندار سنچری (ناٹ آؤٹ 103)اور اجنکیا رہانے (79 ناٹ آؤٹ) کے ساتھ چوتھی وکٹ کیلئے 167رنز کی غیرمختتم رفاقت کی بدولت ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے تیسرے و آخری ٹسٹ کے آج یہاں پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 267/3 بنا کر اپنی پوزیشن مضبوط کرلی ہے ۔ چائے کے وقفہ تک کپتان کوہلی 45 اور رہانے 19 رنز بنا کر کریز پر تھے جبکہ دن کے اختتام تک دونوں کھلاڑیوں نے سنبھل کر کھیلتے ہوئے سنچری پارٹنرشپ نبھائی اور ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔

میزبان کپتان نے اپنی 13 ویں ٹسٹ سنچری لگائی جو وطن میں 2013ء کے بعد اُن کی پہلی سنچری ثابت ہوئی۔وہ 191گیندوں10چوکے لگاچکے ہیں۔ پہلے دو ٹسٹ میں ناکام ویراٹ نے اپنی اس سنچری سے ناقدین کو کرارا جواب دیا ہے ۔ دوسری طرف اجنکیا نے 172 گیندوں کی اپنی اننگز میں نو چوکے اور ایک چھکا لگایا ہے ۔ دونوں مڈل آرڈر بیٹسمنوں نے ایک بار نگاہیں جم جانے کے بعد ڈٹ کر کھیلتے ہوئے اپنی اننگز کو بڑھایا اور تیسرے سیشن میں کیویز کو ایک بھی وکٹ نہیں دی۔ہندوستان کے ابتدائی تین وکٹ 100 رنز پر گر گئے تھے لیکن اس کے بعد ویراٹ اور رہانے54اوورز کھیل چکے ہیں۔ اس سے پہلے صبح میں ہندوستان نے یہاں کے مشہور ھولکر کرکٹ اسٹیڈیم میں اولین ٹسٹ میچ میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کا انتخاب کیا

اور زخمی اوپنر شکھر دھون کی جگہ سینئر بیٹسمن گوتم گمبھیر کو موقع دیا۔ گوتم نے ابتدائی سیشن میں مرلی وجئے کے ساتھ ٹھوس بیٹنگ کی مگر اپنی اننگز کو طوالت نہ دے پائے۔ سب سے پہلے وجئے 10 پر اور پھر لیفٹ ہینڈ گوتم 29 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ انڈیا نے لنچ کے بعد 75/2 سے آگے کھیلنا شروع کیا۔گزشتہ میچ میں شاندار نصف سنچری بنانے والے چتیشور پجارا 29 اور کوہلی نے اپنی اننگز کو 7 رنز سے آگے بڑھایا۔ پجارا اپنے انفرادی اسکور میں 12 رنز مزید جوڑکر 41کے اسکور پر مچل سانٹنر کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔پجارا نے 108گیندوں کی اپنی اننگز میں چھ چوکے لگائے ۔پجارا اور ویراٹ کے درمیان تیسرے وکٹ کیلئے 40 رنز کی شراکت ہوئی۔ اس کے بعد کپتان ویراٹ نے سنبھل کر کھیلنا شروع کیا اور رہانے کے ساتھ مل کر ہندوستان کا اسکور کو آگے بڑھایا۔ اجنکیا نے بھی کپتان کا اچھا ساتھ نبھایا۔ اس میچ میں اجنکیا نے تیز گیند باز میاٹ ہنری کی گیند پر جیسے ہی اپنی اننگز کا دوسرا رن لیا وہ ٹسٹ کرکٹ میں 2000 رنز بنانے والے ہندوستان کے 36 ویں بیٹسمن بن گئے۔ اجنکیا نے اپنے 29 ویں ٹسٹ کی 49 ویں اننگز میں یہ مقام حاصل کیا۔ میچ کے پہلے دن دوسرے سیشن میں پجارا کے طور پر صرف ایک وکٹ گرا جو سانٹنر کو ملا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ، جیتن پٹیل اور سانٹنر کو فی کس ایک کامیابی ملی ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستان پہلے دو ٹسٹ جیت کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0کی ناقابل تسخیر برتری لے چکا ہے ۔ ہندوستان اگر اس میچ کو جیتتا یا ڈرا بھی کراتا ہے تو وہ آئی سی سی درجہ بندی میں اپنی نمبر 1 پوزیشن کو مضبوط کر لے گا۔

TOPPOPULARRECENT