Tuesday , October 17 2017
Home / Top Stories / انسانوں کا احترام بھی شروع کرو، سنیل کا کپل کو مشورہ

انسانوں کا احترام بھی شروع کرو، سنیل کا کپل کو مشورہ

فلائٹ میں ساتھی فنکار کیساتھ غلط برتاؤ پر اسٹار کامیڈین کی معذرت خواہی
ممبئی ، 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سنیل گروور نے اپنے اور کپل شرما کے درمیان جاری کشاکش پر اپنی خاموشی توڑتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک تحریر ڈالی ہے جس میں انھوں نے اسٹار کامیڈین پر زور دیا کہ ’’انسانوں کا احترام بھی شروع کریں‘‘۔ کپل نے گزشتہ روز فیس بک پوسٹ میں سفر کے دوران فلائٹ میں پیش آئے اپنے جھگڑے کو ’’بحث و تکرار‘‘ قرار دیتے ہوئے معاملہ ختم کردینے کی کوشش کی تھی لیکن سنیل نے آج اپنے ٹوئٹ میں اشارہ دیا کہ اُن کے درمیان سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔ سنیل نے لکھا: ’’بھائی جی! ہاں، تم نے مجھے گہرا دکھ پہنچایا۔ ہم مل جل کر سیکھتے رہے ہیں۔ بس ایک مشوہ ہے، جانوروں کے علاوہ انسانوں کا احترام بھی شروع کیجئے۔ سب اتنے کامیاب نہیں جتنے آپ ہو۔ سب اتنے باصلاحیت نہیں جتنے آپ ہو۔ لیکن اگر وہ سب آپ جیسے باصلاحیت ہوں تو کون آپ کی قدر کرے گا۔‘‘ سنیل جو کپل کے شو پر ڈاکٹر مشہور گلاٹی اور رنکو بھابھی کے مقبول کرداروں میں اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہیں، انھوں نے مزید تحریر کیا، ’’ مجھے یہ سمجھا دینے پر شکریہ کہ یہ آپ کا شو ہے اور آپ کو کسی کو بھی اور کسی بھی وقت نکال باہر کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ آپ زبردست مزاح کار ہو اور اپنے شعبہ میں بہترین۔ لیکن خود کو ’بھگوان‘ نہ سمجھیں۔ اپنا اچھی طرح خیال رکھیں۔ مزید کامیابی و شہرت کیلئے نیک تمنائیں!‘‘ سنیل کے ٹوئٹ کے چند منٹ میں کپل نے جواب دیا کہ آج میں بہت ساری چیزوں کی کمی محسوس کی۔ تم سے تمھارے گھر ملاقات کرتا ہوں۔ انھوں نے ٹوئٹر کا سہارا بھی لے کر سنیل سے معذرت خواہی کرتے ہوئے کہا، ’’معافی چاہتا ہوں اگر میں نے نادانستگی میں تم کو ٹھیس پہنچائی ہو۔ آپ جانتے ہو میں آپ کو کتنا چاہتا ہوں۔ میں بھی افسردہ ہوں۔ ‘‘

TOPPOPULARRECENT