Friday , October 20 2017
Home / دنیا / انسداد دہشت گردی پر پاکستان کو مزید کچھ نہیں کرنا : اعزاز چودھری

انسداد دہشت گردی پر پاکستان کو مزید کچھ نہیں کرنا : اعزاز چودھری

اس لڑائی میں دنیا کا بڑا رول درکار ۔ سیول نیوکلیئر معاملت پر امریکہ کیساتھ کوئی بات چیت جاری نہیں ۔ پاکستانی معتمد خارجہ کا بیان

واشنگٹن ، 22 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے کہا ہیکہ اس نے دہشت گردی کے خلاف معقول کارروائی کی ہے اور مزید اقدامات کا کوئی سوال نہیں اٹھتا، نیز یہ کہ اب وقت آچکا ہیکہ اس لڑائی میں عالمی برادری زیادہ بڑا رول ادا کرے۔ پاکستانی معتمد خارجہ اعزاز احمد چودھری نے میڈیا والوں کو گذشتہ روز یہاں یہ بات بتائی جب ان سے امریکہ کے ایسے بیانات کے تعلق سے پوچھا گیا کہ پاکستان کو دہشت گردی بالخصوص حقانی نیٹ ورک اور لشکرطیبہ کے خلاف مزید کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ واشنگٹن میں وزیر اعظم نواز شریف اور امریکی وزیرخارجہ جان کیری کی ملاقات کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران اعزاز چودھری نے کہا کہ پاکستان سے ’’ڈو مور‘‘ کا مطالبہ کرنے کا وقت گزر چکا اور امریکہ نے بھی وزیر اعظم سے ’’ڈو مور‘‘ کا مطالبہ نہیں کیا۔

وزیر اعظم کے دورۂ امریکہ کا جوہری معاملات سے کوئی تعلق نہیں اور یہ کہ امریکہ نے پاکستان کے نیوکلیئر کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ اعزاز چودھری نے بتایا کہ جان کیری اور نواز شریف کی ملاقات نے سیول نیوکلیئر معاملت پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی اور نہ ہی اس معاملہ میں مذاکرات جاری ہیں۔ اعزاز چودھری نے کہا کہ افغانستان میں امن کیلئے اشرف غنی سے ہر ممکن تعاون جاری رہے گا۔ ’’افغان سر زمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہئے۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بہت نقصان اٹھایا ہے، ضرب عضب پر 1.9 ارب ڈالر خرچ کرچکے ہیں اور پرعزم ہیں کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔‘‘ تجزیہ کاروں کی رائے میں وزیر اعظم نواز شریف کی صدر براک اباما سے ملاقات کے حوالے سے بہت سے باتیں کیری اور نواز شریف کی ملاقات میں طے ہوگئی ہیں۔

ہندوستان کی مداخلت کے دستاویزی ثبوت پیش
امریکی وزیرخارجہ جان کیری سے ملاقات میں وزیر اعظم نواز شریف نے ہندوستان کی طرف سے کراچی، بلوچستان اور فاٹا میں مداخلت کے دستاویزی ثبوت پیش کئے۔پاکستان کے سابق سفیر اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق مستقل مندوب مسعود خان نے امریکہ کا رویہ مثبت ہے۔ امریکہ 14 برس سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے۔ ہندوستان کے خلاف ثبوت دینا بہت اہم ہے کیونکہ امریکہ نے دہشت گردی کے خلاف اتحاد بنایا ہے اور اس کا فرض ہے کہ جہاں بھی دہشت گردی ہو وہ کارروائی کرے۔

TOPPOPULARRECENT