Sunday , October 22 2017
Home / شہر کی خبریں / انسپکٹر آڈیٹر وقف ضلع میدک فرائض سے غفلت پر معطل

انسپکٹر آڈیٹر وقف ضلع میدک فرائض سے غفلت پر معطل

عوام کی نمائندگی کو نظر انداز کرنے کا الزام ، سی ای او وقف بورڈ کے احکامات
حیدرآباد۔ 17 ۔ فروری (سیاست نیوز) چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ نے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں فرائض سے غفلت برتنے پر انسپکٹر آڈیٹر وقف ضلع میدک محمد دستگیر کو معطل کردیا ہے۔ اس سلسلہ میں 16 فروری کو احکامات جاری کئے گئے۔ میدک کے سدی پیٹ، گجویل ، سنگا ریڈی ، ظہیر آباد ، سدا سیو پیٹ ، پٹن چیرو اور میدک ٹاؤن میں اوقافی جائیدادوں پر ناجائز قبضوں کے سلسلہ میں مقامی مسلمانوں کی جانب سے کی گئی نمائندگی پر انسپکٹر آڈیٹر وقف نے کوئی کارروائی نہیں کی تھی۔ اس کے علاوہ میدک میں حج ہاؤز کی تعمیر کیلئے الاٹ کردہ اراضی کے حصول میں مبینہ طور پر رقم کے مطالبہ کی شکایات ملی ہیں۔ رکن قانون ساز کونسل فاروق حسین جو ایوان کی وقف کمیٹی کے رکن ہیں، اس سلسلہ میں چیف اگزیکیٹیو آفیسر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے تفصیلات سے آگاہ کیا تھا۔ وقف بورڈ نے شکایات کی جانچ کے بعد مذکورہ انسپکٹر آڈیٹر وقف کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔ رکن قانون ساز کونسل فاروق حسین نے بتایا کہ بدعنوانیوں ، فرائض سے غفلت اور اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں لاپرواہی کے سلسلہ میں انہوں نے سکریٹری اقلیتی بہبود سے شکایت کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے مختلف علاقوں میں اوقافی جائیدادوں پر ناجائز قبضے ہورہے ہیں۔ سدی پیٹ میں حج ہاؤز کیلئے محکمہ مال کی جانب سے ایک ایکر اراضی الاٹ کی گئی۔ تاہم حدود کی نشاندہی کیلئے انسپکٹر آڈیٹر وقف نے تساہل سے کام لیا۔ پرنسپل سکریٹری محکمہ مال اور ضلع کلکٹر میدک کے احکامات کے باوجود انسپکٹر آڈیٹر نے اراضی کے حصول کے لئے رقم کا مطالبہ کیا۔ وقف بورڈ نے محمد صابر حسین جونیئر اسسٹنٹ وقف بورڈ کو محمد دستگیر کی جگہ نیا انسپکٹر آڈیٹر وقف ضلع میدک مقرر کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT