Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / انسپکٹر پولیس رین بازار جی رمیش کی اردو سیکھنے میں دلچسپی

انسپکٹر پولیس رین بازار جی رمیش کی اردو سیکھنے میں دلچسپی

کمسن طلبہ کی مساعی کی ستائش ، عابد علی خاں ایجوکیشنل ٹرسٹ کے اسناد کی تقسیم تقریب سے خطاب
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ) : مدرسہ دینیہ رحمانیہ دبیر پورہ میں عابد علی خاں ایجوکیشنل ٹرسٹ کے تحت منعقدہ اردو دانی ، زبان دانی ، انشاء امتحانات میں کامیاب طلبہ میں انسپکٹر رین بازار جی رمیش کے ہاتھوں اسناد کی تقسیم عمل میں لائی گئی ۔ اس موقع پر سب انسپکٹر رین بازار ستیہ نارائنا ، مدرسہ کی انتظامی کمیٹی کے ذمہ داران جناب امین احمد الیاس ، جناب سید لطیف الدین حسینی ، جناب ایم اے ذیشان بھی موجود تھے ۔ انسپکٹر رین بازار جی رمیش نے اردو کو میٹھی زبان قرار دیتے ہوئے اردو زبان سیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے اردو زبان کے فروغ کے لیے اردو دانی ، زبان دانی اور انشاء جیسے امتحانات کے انعقاد کو قابل تقلید اقدام قرار دیا ۔ انہوں نے کمسن طلبہ میں اردو زبان سیکھنے کے شوق کی ستائش کی ، عابد علی خاں ایجوکیشنل ٹرسٹ کے ساتھ ساتھ مدرسہ رحمانیہ کی بھی ستائش کی ۔ جس کی نگرانی میں اردو زبان کو فروغ دیا جارہا ہے ۔ جی رمیش نے کہا کہ تلنگانہ میں اردو زبان کا چلن زیادہ ہے اور تاریخی واقعات کے مطابق اردو زبان کو ترقی و ترویج بھی تلنگانہ میں ہی ہوئی ہے اور مستقبل میں بھی اردو زبان کے ساتھ تلنگانہ میں ہی انصاف ممکن ہے ۔ انہوں نے اردو دانی ، زبان دانی اور انشاء میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کے بہتر مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ جناب الیاس احمد امین نے مدرسہ رحمانیہ دبیر پورہ کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی ۔ اور کہا کہ مدرسہ رحمانیہ میں بیک وقت اردو عربی درس و تدریس کے ساتھ سیڈ کے تحت ٹیلرنگ و بیوٹیشن سنٹر کے ذریعہ لڑکیوں اور خواتین کو مفت تربیت دی جارہی ہے تاکہ انہیں تعلیم کے ساتھ ہنر مند بھی بنایا جاسکے ۔ آخر میں جناب ایم اے ذیشان نے تقریب کے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT