Saturday , September 23 2017
Home / ہندوستان / انصاف ملنے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی

انصاف ملنے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی

پروفیسر گیلانی و سائی بابا کو بری کیا جائے: عمرخالد کی کمسن بہن سارہ
نئی دہلی 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) غداری کے مقدمہ کا سامنا کررہے جے این یو طالب علم عمر خالد کی 11 سالہ ہمشیرہ نے کہا ہے کہ اُن کی جدوجہد اُس وقت تک جاری رہے گی جب تک سب کو انصاف نہیں مل جاتا۔ طالبہ نے کہاکہ دہلی یونیورسٹی کے پروفیسرس ایس اے آر گیلانی اور جی این سائی بابا کو بری کیا جانا چاہئے۔ چھٹی جماعت کی طالبہ سارہ فاطمہ کل جے این یو کیمپس میں اپنے بھائی اور انیربن بھٹاچاریہ کا استقبال کرنے موجود تھی جنھیں ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔ گیارہ سالہ طالبہ نے جے این یو میں کل ایک تقریر کی جو سوشیل میڈیا انتہائی مقبول ہوگئی۔ طالبہ نے لال سلام اور آزادی کے نعرے لگائے۔ اُس نے کہاکہ یہ جدوجہد اُس وقت تک ختم نہیں ہونی چاہئے جب تک دہلی یونیورسٹی کے پروفیسرس ایس اے آر گیلانی اور جی این سائی بابا کو رہا نہیں کیا جاتا اور اُن کے خلاف مقدمہ ختم نہیں کیا جاتا۔ تقریر کے دوران طالبہ کی وہاں موجود اسٹوڈنٹس نے زبردست ستائش کی اور اُسے کامریڈ سارہ قرار دیا۔ لڑکی نے کہاکہ یہ خوشی کی بات ہے کہ عمر اور انیربن ایک ساتھ جیل سے باہر آئے ہیں لیکن وہ یہ کہنا چاہتی ہیں کہ ہماری جدوجہد یہاں ختم نہیں ہوئی۔ ہماری جدوجہد اُس وقت تک جاری رکھنے کی ضرورت ہے جب تک ہر ایک کو انصاف نہیں مل جاتا اور الزامات واپس نہیں لئے جاتے۔ جے این یو طلبہ تنظیم کے صدر کنہیا کمار اور عمر خالد و انیربن بھٹاچاریہ کو یونیورسٹی کیمپس میں مخالف ہند نعرے لگانے کا الزام عائد کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT