Tuesday , October 17 2017
Home / شہر کی خبریں / انم نارائن ریڈی اور انم ویویکانندا ریڈی کانگریس سے منحرف، تلگودیشم میں شامل

انم نارائن ریڈی اور انم ویویکانندا ریڈی کانگریس سے منحرف، تلگودیشم میں شامل

صدر تلگودیشم و چیف منسٹر اے پی چندرابابو نائیڈو سے ملاقات، کانگریس پارٹی پر تنقید

حیدرآباد 17 جنوری (سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے سینئر کانگریس قائدین مسٹر اے نارائن ریڈی سابق وزیر اور ان کے بھائی مسٹر اے ویویکانندا ریڈی سابق رکن اسمبلی نے قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرابابو نائیڈو کی موجودگی میں تلگودیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ مسٹر چندرابابو نائیڈو نے دونوں ہی قائدین کو پارٹی کا کھنڈوا اوڑھاکر پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کیا۔ ان دونوں قائدین کی تلگودیشم پارٹی میں شمولیت کے سلسلہ میں وجئے واڑہ میں واقع اے ون کنونشن سنٹر میں ایک زبردست جلسہ عام منعقد ہوا۔ اس جلسہ عام میں ہزاروں تلگودیشم کارکن نے شرکت کی۔ جبکہ مسرس اے رام نارائن ریڈی اور اے ویویکانندا ریڈی کے ہمراہ کانگریس کے کئی سینئر قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے آج تلگودیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرابابو نائیڈو نے کانگریس پارٹی کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ کانگریس پارٹی نے اپنے ذاتی و سیاسی مفادات کے حصول کے لئے ریاست آندھراپردیش کو من مانی انداز میں تقسیم کیا جس کی وجہ سے ریاست آندھراپردیش کو زبردست نقصان سے دوچار ہونا پڑا۔ انھوں نے مزید کہاکہ غیر منصفانہ انداز میں ریاست آندھراپردیش کی تقسیم کی وجہ سے آج ریاست کئی ایک مسائل سے دوچار ہے۔ مسٹر چندرابابو نائیڈو نے ریاست کے آئندہ مستقبل اور نئی نسل کے درخشاں مستقبل کو پیش نظر رکھتے ہوئے کام کرنے کا پارٹی قائدین و کارکنوں کو مشورہ دیا اور کہاکہ موجودہ مشکلات سے بہتر انداز میں نمٹنے پر ہی ریاست آندھراپردیش کی ترقی ممکن ہوسکے گی۔ اس موقع پر وزرائے آندھراپردیش مسرس نارائنا، ڈی اوما مہیشور راؤ صدر تلگودیشم پارٹی آندھراپردیش کے وینکٹ راؤ رکن آندھراپردیش قانون ساز کونسل مسٹر ایس چندرا موہن ریڈی و دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ مسٹر اے ویویکانندا ریڈی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ریاست آندھراپردیش کی ترقی کے لئے مسٹر نائیڈو کی کوششیں قابل ستائش ہیں اور مشکل حالات میں چیف منسٹر آندھراپردیش کے عہدہ پر مسٹر چندرابابو نائیڈو کا فائز ہونا تمام کی خوش قسمتی سے تعبیر کیا اور کہاکہ ریاست کے نئے دارالحکومت کی تعمیر کے لئے مسٹر چندرابابو نائیڈو انتھک جدوجہد کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT