Friday , July 28 2017
Home / شہر کی خبریں / انوارالعلوم ایجوکیشن اسوسی ایشن سے متعلق وقف بورڈ کی کارروائی

انوارالعلوم ایجوکیشن اسوسی ایشن سے متعلق وقف بورڈ کی کارروائی

شیخ محمد اقبال کا تلنگانہ حکومت کو مکتوب ، ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق کارروائی کرنے عمر جلیل کی ہدایت
حیدرآباد۔/25مئی، ( سیاست نیوز) کمشنر اقلیتی بہبود حکومت آندھرا پردیش و عہدیدار مجاز آندھرا پردیش وقف بورڈ شیخ محمد اقبال نے سکریٹری اقلیتی بہبود تلنگانہ اور چیف ایکزیکیٹو آفیسر تلنگانہ وقف بورڈ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے انوارالعلوم ایجوکیشن اسوسی ایشن کے بارے میں ہائی کورٹ کے فیصلہ کے تناظر میں کی گئی کارروائی کی تفصیلات روانہ کرنے کی خواہش کی ہے۔ شیخ محمد اقبال نے آج یہ مکتوب روانہ کیا جس کی نقل سنٹرل وقف کونسل نئی دہلی کو بھی روانہ کی گئی۔ انہوں نے اپنے مکتوب میں کہا کہ اسپیشل آفیسر آندھرا پردیش وقف بورڈ کی حیثیت سے انہوں نے سکریٹری انوارالعلوم ایجوکیشن اسوسی ایشن محبوب عالم خاں کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا تھا تاکہ خود ساختہ منیجنگ کمیٹی کو سیکشن 67 وقف ایکٹ 1995 کے تحت کالعدم قرار دیتے ہوئے ادارہ کو وقف بورڈ کی راست نگرانی میں لیا جائے۔ سکریٹری ایجوکیشن اسوسی ایشن نے رٹ پٹیشن 40560/2014 کے ذریعہ وقف بورڈ کے احکامات کو چیلنج کیا۔ حیدرآباد ہائی کورٹ نے یکم ڈسمبر 2016 کو اس معاملہ کی یکسوئی کرتے ہوئے وقف بورڈ کو اختیار دیا کہ وہ اس کے پاس دستیاب ریکارڈ کی بنیاد پر میرٹ پر جلد از جلد احکامات جاری کرے۔ شیخ محمد اقبال نے مکتوب میں کہا کہ عدالت کے احکام میں یہ بات موجود ہے کہ حقیقی وقف نامہ انگریزی ترجمہ کے ساتھ درخواست گذار کے کونسل کے پاس موجود ہے اور درخواست گذار کو اس پر جواب دینے کیلئے 3 ہفتوں کا وقت دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سکریٹری انوارالعلوم ایجوکیشن اسوسی ایشن نے اسپیشل آفیسر آندھرا پردیش وقف بورڈ کی میعاد کے دوران کی گئی کارروائی کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا ہے۔ انہوں نے سپریم کورٹ میں اس معاملہ کی پیروی کیلئے وقف بورڈ کی جانب سے کی گئی کارروائی کی تفصیلات پیش کرنے کی خواہش کی۔ ہائی کورٹ نے اس مقدمہ میں وقف بورڈ کو اس بات کا اختیار دیا کہ وہ درکار دستاویزات کی بنیاد پر کارروائی کرے۔ اسی دوران سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے شیخ محمد اقبال کا مکتوب موصول ہونے کی توثیق کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ کو میمو جاری کررہے ہیں کہ ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق جلد از جلد کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ میں انوارالعلوم ایجوکیشن سوسائٹی کے بارے میں جو ریکارڈ دستیاب ہے اس کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔ شیخ محمد اقبال نے متحدہ آندھرا پردیش میں اسپیشل آفیسر وقف بورڈ کی حیثیت سے کئی اہم اوقافی اداروں اور متولیوں کی بے قاعدگیوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا تھا تاہم ان کے بعد یہ کارروائیاں عدالتی کشاکش یا پھر برفدان کی نذر ہوگئیں۔

TOPPOPULARRECENT