انٹرمیڈیٹ امتحانات کا اختتام، 9 لاکھ سے زائد طلبہ کی شرکت

   

جون کے تیسرے ہفتہ میں نتائج، 15 مراکز پر جانچ، سکریٹری انٹرمیڈیٹ بورڈ سید عمر جلیل کا بیان
حیدرآباد۔19۔ مئی (سیاست نیوز) ریاست میں انٹرمیڈیٹ کے تمام اہم مضامین کے امتحانات مکمل ہوچکے ہیں۔ سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن سید عمر جلیل نے سیاست کو بتایا کہ آج سکنڈ ایئر کے کمیسٹری اور کامرس پرچہ جات کے امتحانات کی تکمیل سے تمام اہم مضامین کے امتحانات مکمل ہوگئے۔ ماڈرن لینگویج اور جیوگرافی جیسے دو غیر اہم مضامین کے امتحانات 21 اور 24 مئی کو منعقد ہوں گے جن میں طلبہ کی انتہائی معمولی تعداد شرکت کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فرسٹ اور سکنڈ ایئر امتحانات میں جملہ 9.07 لاکھ طلبہ نے حصہ لیا۔ امتحانات کیلئے 25,000 سے زائد انویجلیٹرس ، 75 فلائنگ اسکواڈس اور 150 سٹنگ اسکواڈس کی خدمات حاصل کی گئیں جنہوں نے امتحانی مراکز میں نمایاں طور پر خدمات انجام دیتے ہوئے بہتر انعقاد کو یقینی بنایا۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کی جانب سے روزانہ آبزرورس کی ٹیمیں مختلف اضلاع کو روانہ کی گئیں۔ امتحانات میں مجموعی طور پر نقل نویسی کے 56 معاملات درج کئے گئے ۔ پرچہ جات کی تقسیم کے معاملہ میں بعض معمولی غلطیاں رونما ہوئیں جنہیں فوری طور پر درست کرلیا گیا اور طلبہ کو امتحانات کے لکھنے میں کوئی دشواری نہیں ہوئی ۔ سید عمر جلیل نے بتایا کہ 15 مراکز پر امتحانی پرچوں کی جانچ کا انتظام کیا جائے گا اور توقع ہے کہ جون کے تیسرے ہفتہ میں نتائج کا اعلان کردیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ طلبہ کو ذہنی دباؤ سے محفوظ رکھنے کیلئے ماہرین نفسیات کی خدمات حاصل کی گئیں ہیں۔ طلبہ ماہرین سے ذہنی دباؤ کے مسئلہ پر ٹول فری نمبر 18005999333 پر ربط قائم کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں انٹرمیڈیٹ امتحانات کا پرامن انعقاد عمل میں آیا اور متعلقہ محکمہ جات کے علاوہ طلبہ اور سرپرستوں کا مکمل تعاون حاصل ہوا ہے ۔ انہوں نے امتحانات کے بہتر اور کامیاب انعقاد کی مساعی کرنے والے عہدیداروں اور ملازمین کی ستائش کی ۔ عمر جلیل نے بتایا کہ ماہرین کے ذریعہ امتحانی پرچہ جات کی جانچ کی جائے گی اور مکمل شفافیت کے ساتھ نتائج جاری کئے جائیں گے۔ر