Saturday , October 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اور تاریخ رقم

انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اور تاریخ رقم

دبئی ، 26 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تاریخ میں پہلی دفعہ چار خواتین کو تھائی لینڈ میں ہونے والے ویمنس ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کوالیفائر 2015ء کیلئے امپائرنگ کے فرائض کی انجام دہی کیلئے مقرر کر دیا ہے۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والی کیتھی کراس کو 2014ء میں آئی سی سی اسوسی ایٹ امپائروں کے پیانل میں شامل کیا گیا تھا جبکہ انھوں نے 2000ء، 2009ء ، 2011ء اور 2013 ء کے ویمنس ورلڈ کپ کوالیفائر اور 2013ء کے ویمنس ورلڈ ٹوئنٹی کوالیفائر میں بھی امپائرنگ کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ تاہم یہ پہلا موقع ہو گا کہ کسی میچ میں مکمل طور پر صرف خواتین امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیں گی۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ خاتون امپائروں میں نیوزی لینڈ کی کیتھلین کراس، آسٹریلیا کی کلیئر پولوسیک، انگلینڈ کی سوریڈفرین اور ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والی جیکولین ولیمز شامل ہیں۔ آسٹریلیا کی 27 سالہ پولوسیک چاروں میں کم عمر امپائر ہیں۔ وہ آسٹریلیا کے لسٹ اے میچز میں امپائرنگ کرنے والی پہلی خاتون ہیں۔ ویمنس ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کوالیفائر 28 نومبر سے 5 دسمبر تک تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں ہوگا جس میں بنگلہ دیش، چین، آئرلینڈ، نیدر لینڈ، پاپوا نیوگنی، اسکاٹ لینڈ، تھائی لینڈ اور زمبابوے کے درمیان مسابقت رہے گی، جس کے نتیجے میں دو کامیاب ٹیمیں 2016ء میں کھیلے جانے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ایونٹ کیلئے کوالیفائی کریں گی۔

TOPPOPULARRECENT