انٹر میڈیٹ نتائج کا کل اعلان متوقع

   

آن لائن اجرائی کا منصوبہ ، پریس کانفرنس سے گریز
حیدرآباد۔16 جون(سیاست نیوز) تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے نتائج آن لائن جاری کئے جائیں گے اور نتائج کے اعلان کے لئے باضابطہ کوئی تقریب منعقد نہیں ہوگی!ریاست میں انٹرمیڈیٹ کے نتائج کے سلسلہ میں جاری تجسس کے دوران اس بات کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے صرف آن لائن جاری کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور کہا جارہا ہے کہ روایتی انداز میں وزیر تعلیم ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی موجودگی میں نتائج کی اجرائی سے گریز کریں گے اور آن لائن نتائج کی اجرائی کے بعد منعقد ہونے والی پریس کانفرنس کے دوران سوالات کے جوابات بھی دیئے جائیں گے۔ تلنگانہ بورڈ آف انٹر میڈیٹ کی جانب سے ریاستی حکومت کو مکمل تفصیلات فراہم کی جاچکی ہیں اور کہا جار ہے کہ ریاستی وزیر اور حکومت کی جانب سے اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا کہ کب نتائج کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ ذرائع کے بموجب 18 جون کو دن میں 11:30 بجے نتائج کی اجرائی کی توقع ہے جبکہ اس بات کی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے توثیق نہیں کی جاسکی ہے۔ جناب عمر جلیل آئی اے ایس سیکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے بتایا کہ بورڈ کی جانب سے نتائج کے سلسلہ میں مکمل رپورٹ حکومت کو روانہ کردی گئی ہے اور اب حکومت کی جانب سے اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا کہ نتائج کا اعلان کس وقت کیا جائے گا۔ ریاست تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کی تکمیل اور لاک ڈاؤن کے بعدپیدا شدہ صورتحال کے دوران جوابی بیاضات کی تنقیح میں تاخیر ہوئی ہے لیکن لاک ڈاؤن میں راحت کے ساتھ ہی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے فوری طور پر جوابی بیاضات کی جانچ کے عمل کو مکمل کرلیا گیا ۔ بتایاجاتا ہے کہ شہر حیدرآباد میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تیزی سے بڑھتی ہوئی تعداد اور صحافیوں کو کورونا وائرس کی توثیق کے علاوہ سرکاری دفاتر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی نشاندہی کے بعد بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے آن لائن نتائج کی اجرائی پر اکتفاء کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ ریاستی وزیر کی جانب سے آن لائن پریس کانفرنس کے علاوہ دیگر تفصیلات کی اجرائی کے متعلق قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق عہدیداروں کی جانب سے بھی آن لائن نتائج اور پریس کانفرنس کے انعقاد پر زور دیا جارہا ہے تاکہ نتائج کی اجرائی کے موقع پر کوئی ہجوم نہ ہو۔